1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

منفرد ايجاد، مہاجرين مخالف اطالوی عہديدار کو منہ توڑ جواب

16 جنوری 2019

اٹلی ميں ايک شہر کے مہاجرين مخالف ڈپٹی ميئر کے ايک متنازعہ قدم کے بعد بے گھر افراد کے ليے انقلابی حيثيت کی حامل ايک مقامی امدادی تنظيم کی کاوش بڑی تيزی سے مقبول ہو رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/3BeOs
Frankreich | Obdachlose in Paris
تصویر: Getty Images/AFP/G. Julien

اٹلی ميں ايک چھوٹی سی امدادی تنظيم Napoli 2035 کارڈ بورڈ يا گتے کے بنے ہوئے ايسے خيمے تعمير کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جنہيں موڑ کو بند کيا جا سکتا ہے۔ يہ خيمے دنيا بھر ميں موجود بے گھر افراد کے ليے انقلابی ثابت ہو سکتے ہيں۔ امدادی تنظيم کے خيمے کا ايک آزمائشی ماڈل يا پروٹوٹائپ تيار کر ليا گيا ہے۔ اس ٹينٹ کی ايک ويڈيو انٹرنيٹ پر حال ہی ميں وائرل ہونے کے بعد جاپان سے لے کر آئرلينڈ تک درجنوں کمپنيوں نے متعلقہ امدادی تنظيم سے رجوع کيا ہے۔

سن 2007 کے مالياتی بحران کے بعد بچتی اقدامات اور مکانات کی بڑھتی ہوئی قيمتوں کو کرائے پر يورپ کے بيشتر ممالک ميں بے گھر افراد کی تعداد ميں اضافہ ہوا ہے۔ اندارہ ہے کہ اس وقت يورپی يونين کے رکن ممالک ميں بے گھر افراد کی تعداد لگ بھگ 1.4 ملين ہے۔

اس خيمے کو ڈيزائن کرنے والے اور ناپولی 2035 کے شريک بانی يوزيپے ڈی ايليساندرو کے بقول وہ اتنی جلد اتنی مقبوليت کی توقع نہيں کر رہے تھے۔ ايليساندرو نے اپنے چار دوستوں کے ہمراہ بے گھر افراد کی مدد کے ليے دو برس قبل اس غير سرکاری تنظيم کی بنياد رکھی تھی۔

يہ ’واٹر پروف‘ خيمہ پلاسٹک اور گتے سے بنايا گيا ہے۔ اسے موڑ کر ايسے بند کيا جا سکتا ہے کہ يہ کمر پر لٹکانے والا ايک بيگ دکھائی ديتا ہے۔ يوزيپے ڈی ايليساندرو نے اسے اپنی تعليم کے دوران دو برس قبل ڈيزائن کيا تھا۔ اب وہ اس کے چند درجن نمونے تيار کر چکے ہيں، جنہيں بے گھر افراد ميں تقسيم کر ديا گيا ہے۔ ان کی اس کاوش کو عالمی سطح پر پذيرائی اس وقت ملی جب اس ماہ کے اوائل ميں اس خيمے کی ايک ويڈيو انٹرنيٹ پر وائرل ہوئی۔

ہوا کچھ يوں کہ اٹلی کے شمالی حصے کے شہر ٹريئسٹے کے ڈپٹی ميئر اور مہاجرين مخالف جماعت ليگ پارٹی کے رکن پاؤلو پولی ڈوری نے ايک بے گھر شخص کی چيزيں پھينک کر خود کو بڑے فخر کے ساتھ پيش کيا۔ اس پر کافی لوگوں نے ان کے اس اقدام کی مذمت کی اور اسی دوران  Napoli 2035 کی جانب سے فيس بک پر ايک پيغام ميں ويڈيو جاری کی گئی۔ ويڈيو ميں مندرجہ ذيل پيغام لکھا گيا، ’’ ٹريئسٹے ميں ڈپٹی ميئر نے ايک بے گھر شخص کا کمبل کوڑے ميں پھينک ديا جبکہ نيپلز ميں ايک مختلف کہانی لکھ رہے ہيں۔‘‘

بعد ازاں تنظيم کو ديگر امدادی تنظيموں کی جانب سے سينکڑوں کی تعداد ميں درخواستيں موصول ہو رہی ہيں اور لوگ اس خيمے کا مطالبہ کر رہے ہيں۔ يوزيپے ڈی ايليساندرو کا کہنا ہے کہ وہ اپنی اس کاوش کو يورپی سطح پر پھيلانا چاہتے ہيں۔

بے گھر افراد کے لیے پشاور کے مہمان خانے

ع س / ع ت، نيوز ايجنسياں