1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملالہ نے ایک اور ایوارڈ جیت لیا

ندیم گِل5 اکتوبر 2013

طالبان کے حملے میں زخمی ہونے والی پاکستانی لڑکی ملالہ یوسف زئی نے ایک اور ایوارڈ جیت لیا ہے۔ وہ نوبل امن انعام کی حتمی نامزدگیوں کی فہرست میں بھی شامل ہے جس کا اعلان اکتوبر میں کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/19u1i
تصویر: picture alliance / dpa

ملالہ یوسف زئی کو جمعے کو ’را اِن وار انا پولیٹکوفسکایا ایوارڈ‘ دیا گیا ہے۔ یہ اعزاز تفتیشی موضوعات پر کام کرنے والی ایک روسی صحافی کی یاد میں دیا جاتا ہے جنہیں سات برس قبل قتل کر دیا گیا تھا۔ ’را اِن وار‘ گروپ انسانی حقوق کے میدان میں خدمات پر یہ ایوارڈ صرف خواتین کو دیتا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سولہ سالہ ملالہ نے جمعے کو یہ ایوارڈ لندن میں نکولس ونٹن سے وصول کیا۔ ونٹن کو ’برٹش شِنڈلر‘ بھی کہا جاتا ہے۔ ان کی عمر 104برس ہے۔ انہوں نے 1939ء میں نازیوں کے زیر قبضہ چیکوسلوواکیہ میں چھ سو سے زائد یہودی بچوں کی جان بچائی تھی۔ یہ وہ وقت تھا جب دوسری عالمی جنگ شروع ہونے والی تھی۔

ایوارڈ وصول کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملالہ نے اُمید ظاہر کی کہ وہ پولیٹکوفسکایا کی مانند بہادر بن سکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا: ’’میں سچائی، مساوات اور انسانیت کے لیے انا کی خدمات کی دِل سے قدر کرتی ہوں۔‘‘

Sir Nicholas Winton Archivbild 2011
کولس ونٹنتصویر: Michal Cizek/AFP/Getty Images

گزشتہ برس یہ ایوارڈ برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز سے منسلک صحافی میری کولن کو دیا گیا تھا۔ وہ شام میں اپنے صحافتی فرائض انجام دیتے ہوئے ہلاک ہو گئی تھیں۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ’را اِن وار‘ کا کہنا ہے: ’’یہ ایوارڈ ملالہ کو ان کے اس حوصلے کی وجہ سے دیا گیا جو انہوں نے اس وقت دکھایا جب کسی نے بولنے کی جرأت نہیں کی تھی۔ انہوں نے متعدد خواتین اور لڑکیوں کو آواز بخشی جن کی آوازیں نہیں سنی جا سکتی تھیں اور انہوں نے لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے کامل یقین کا مظاہرہ کیا۔‘‘

پاکستان میں طالبان کے حملے میں شدید زخمی ہونے والی ملالہ ملالہ یوسف زئی کو نوبل امن انعام کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کے لیے یورپی یونین کے ایوارڈ سخاروف کے لیے بھی فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے انہیں حاصل وسیع تر حمایت ہیں اور انہیں فرنٹ رنر قرار دیا جا رہا ہے۔

سخاروف کی حتمی نامزدگیوں میں جاسوسی کے امریکی پروگرام پرزم کا انکشاف کرنے والے ایڈورڈ سنوڈن کا نام بھی شامل ہے۔ سنوڈن کو یورپی پارلیمنٹ کے گرین گروپ نے نامزد کیا تھا۔ اس گروپ کا کہنا ہے کہ جاسوسی کے خفیہ امریکی پروگراموں کا انکشاف کر کے سنوڈن نے انسانی حقوق اور یورپی شہریوں کی ’بڑی خدمت‘ کی۔