مصر میں ٹرین حادثہ، کم از کم 25 افراد ہلاک
25 اکتوبر 2009ہفتہ کو دارالحکومت قاہرہ کے جنوب مغرب میں یہ حادثہ گیورزاہ نامی گاؤں میں اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر ٹرین ایک رُکی ہوئی ٹرین سے ٹکرا گئی۔
ایک سیکیورٹی اہلکار نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے AFP کو بتایا کہ اس حادثے کی وجہ سنگل ٹریک بنا۔ اطلاعات کے مطابق پہلی ٹرین قاہرہ کے جنوب میں واقع Fayyum جا رہی تھی کہ ایک گائے سے ٹکرانے کے بعد ہنگامی طور پرروک دی گئی۔ اس کے دس منٹ بعد ایک دوسری تیز رفتار ٹرین اس رکی ہوئی ٹرین سے جا ٹکرائی۔
عینی شاہدین کے مطابق اس حادثے کے فورا بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ درجنوں ایمبولینسوں نے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں پہنچانے کاکام شروع کر دیا۔
مصر میں سرکاری ریلوے مشرق وسطی میں سب سے بڑا ریل نظام ہے۔ ملکی ریلوے کے مطابق یہاں کل چھیاسی ہزار افراد ملازم ہیں اور ریلوے ٹریک کا نطام پانچ ہزار کلو میٹر تک پھیلا ہوا ہے۔ تاہم گزشتہ کئی سالوں کے دوران مختلف ٹرین حادثات کے نتیجے میں ریلوے نظام کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: ندیم گِل