1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

محبت کا لازوال کردار انارکلی، ممبئی کی دیواروں پر

Imtiaz Ahmad16 مئی 2012

ممبئی کی دیواروں پر آج کل بالی وڈ کی مشہور فلموں کے مرکزی کرداروں کی تصاویر پینٹ کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/14wNG
تصویر: Reuters

اس سلسلے کی پہلی تصویر محبت کی لازوال داستان پر بننے والی فلم ’انار کلی‘ کے دو مرکزی کرداروں انار کلی اور مغلیہ خاندان کے شہزادہ سلیم کی ہے۔

اس آرٹ پروجیکٹ کا مقصد ممبئی شہر کو ایک منفرد پہچان دینا ہے۔ اس منصوبے کا آغاز کرنے والے رنجیت دھیا کا کہنا کہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کی پہچان وہاں کا ’ہالی وڈ نشان‘ ہے اوراسی طرح وہ چاہتے ہیں کہ ممبئی شہر کو محبت کی علامت سمجھی جانے والی انار کلی اور دیگر لازوال کرداروں پر بننے والی فلموں کے نام سے جانا جائے۔

انار کلی کو آج بھی عشق، محبت اور وفا کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

محبت کی اس لازوال داستان کے بارے میں ’انار کلی‘ کے نام سے فلم سن 1953ء میں بنائی گئی تھی اور ممبئی آرٹ منصوبے کے آغاز پر اسی فلم کا ایک منظر بہت بڑے سائز میں پینٹ کیا جا رہا ہے۔ اس منظر میں فلم کے مرکزی کردار شہزادہ سلیم (دلیپ کمار) اور کنیز انار کلی (مدھو بالا) کو ایک دوسرے کی آنکھوں میں ڈوبے دکھایا گیا ہے۔

Polizeischutz für Bollywood Filme
سن 2013ء میں بھارتی سینما کے سو برس مکمل ہونے والے ہیںتصویر: AP

رنجیت دھیا کے مطابق اسی طرح ماضی میں بننے والی دیگر مشہور فلموں سے بھی مزید کئی تصاویر شہر بھر کی مختلف دیواروں پر بنائی جائیں گی:’’ممبئی بالی وڈ فلموں کا مرکز ہے لیکن شہر کو دیکھیں تو اس بات کا کہیں بھی احساس نہیں ہوتا۔‘‘ رنجیت دھیا نے یہ منصوبہ اپنے ایک دوست ٹونی پیٹر کی مدد سے شروع کیا ہے اور وہ بھی اس شہر کو تبدیل ہوتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔

محبت کے ان لازوال کرداروں کی تصویریں بنانے کا یہ سلسلہ ممبئی کے علاقے بندرا کے مضافات سے شروع کیا گیا ہے۔ رنجیت دھیا نے چھ میٹر سائز کی یہ تصویر بنانے کی اجازت لی تو اُس کے خدشات کے برعکس کسی نے بھی اعتراض نہیں کیا، ’’انہیں کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں ہے بلکہ انہوں نے بڑی خوشی سے دو ہفتوں کے لیے اپنی دیوار استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔‘‘

اس آرٹ پروجیکٹ کے تحت گزشتہ ویک اینڈ پر انار کلی فلم کی نمائش بھی کی گئی، جس کا مقصد نئی نسل کو بالی وڈ کے شاندار ماضی سے متعارف کروانا تھا۔ اس پروجیکٹ میں شریک ٹونی پیٹر کا خبر رساں ادارے روئٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ممبئی میں آج کی فلم انڈسٹری کے بارے میں آپ کو ہزاروں پوسٹر ملیں گے لیکن کہیں بھی یہ اشارہ نہیں ملتا کہ ہمارا فلمی آغاز کیسے ہوا تھا۔‘‘

سن 2013ء میں بھارتی سینما کے سو برس مکمل ہونے والے ہیں۔ پیٹر کے مطابق تب تک وہ ممبئی میں ایسی سینکڑوں تصویریں بنا چکے ہوں گے۔ اسی منصوبے کے تحت ماضی کی معروف اداکارہ ہیلن کی اٹھارہ میٹر سائز کی بھی ایک تصویر بنائی جائے گی۔ ممبئی ’شہری احساس‘ میں کمی کے لیے بھی بدنام شہر ہے۔ یہاں کی تقریباً ہر دیوار پر پان والی تھوکیں نظر آتی ہیں۔ اس لحاظ سے اپنی آرٹ کے مستقبل کے بارے میں 32 سالہ رنجیت دھیا کا کہنا تھا، ’’میں اس بارے میں فکر مند نہیں ہو سکتا کہ کوئی میری بنائی ہوئی تصویروں پر تھوک رہا ہے۔ میں نے یہ تصاویر لوگوں کے لیے بنائی ہیں، اب یہ ان کا معاملہ ہے کہ وہ ان سے کیسا برتاؤ کرتے ہیں۔‘‘

ia/aa/Reuters

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید