1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی کمیشن کی نئی صدر: ارزولا فان ڈیئر لائن

17 جولائی 2019

یورپی پارلیمنٹ نے جرمن سیاستدان ارزولا فان ڈیئر لائن کو یورپی یونین کے کمیشن کا صدر منتخب کر لیا ہے۔ اِس سلسلے میں اراکین پارلیمان نے اپنا حق رائے دہی منگل سولہ جولائی کی شام استعمال کیا تھا۔

https://p.dw.com/p/3MBAw
Frankreich Wahl zur EU-Kommissionspräsidentin | Ursula von der Leyen
تصویر: Reuters/V. Kessler

جرمن سیاستدان ارزولا فان ڈیئر لائن کو یورپی یونین کے کمیشن کی صدر منتخب کر لی گئی ہیں۔ اُن کا انتخاب منگل سولہ جولائی کی شام ہوا تھا۔

کامیابی کے بعد اولین تقریر

یورپی پارلیمنٹ میں یورپی کمیشن کے صدر کے منصب کا الیکشن جیتنے کے بعد تقریر کرتے ہوئے جرمن سیاستدان ارزولا فان ڈیئر لائن نے کہا کہ اُن پر اعتماد یورپ پر اعتماد کے مساوی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اعتماد ایک مضبوط یورپ پر بھی ہے اور اس منصب کے لیے اُن کا کام اس انتخاب کے فوری بعد شروع ہو گیا ہے۔

فان ڈیئر لائن نے تمام اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انتخاب سے قبل پارلیمنٹ میں کی گئی تقریر میں بھی انہوں نے اس کا عہد کیا کہ اُن کے دور میں یورپی یونین سماجی بہبود کے وسیع دائرے میں بھی اپنا مثبت کردار ادا کرے گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے خواتین کے حقوق کی پاسداری کو بھی اہم قرار دیا۔

Frankreich Wahl zur EU-Kommissionspräsidentin | Ursula von der Leyen | Rede nach Bestätigung
ارزولا فان ڈیئر لائن یورپی پارلیمنٹ میں تقریر کرتے ہوئےتصویر: Reuters/V. Kessler

ردعمل اور پیغامات

جرمن چانسلر نے یورپی کمیشن کی نومنتخب صدر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ایک ذمہ دار شخصیت قرار دیا۔ میرکل نے کہا کہ انہوں نے اپنا ایک باوقار وزیر ضرور کھو دیا ہے لیکن برسلز میں انہیں ایک نیا ساتھی   مل گیا ہے۔

سویڈن کے وزیراعظم اسٹیفن لووان نے کہا کہ ایک خاتون کو ایک انتہائی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے اور یہ شاندار ہے۔ اس انتخاب سے یورپ میں روزگار، ماحولیاتی تبدیلیوں، مہاجرت، سلامتی اور دیگر اہم معاملات پر پہلے سے جاری عملی سرگرمیوں اور کارروائیوں میں تسلسل دیکھا جائے گا۔

ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے فان ڈیئر لائن کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ سبھی کو مل جل کر کام کرنا ہو گا اور اس سے ہی یورپ آگے بڑھے گا۔ اسی طرح بیلجیم کے وزیراعظم اور یورپی کونسل کے اگلے صدر چارلس مشیل اور  یورپی کونسل کے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹسک نے بھی فان ڈیئر لائن کو مبارک باد دی۔ ایک روز قبل ٹسک نے کہا تھا کہ جب  فان ڈیئر لائن کہتی ہیں کہ وہ یورپی اتحاد اور طاقت کے لیے بھرپور جدوجہد پر یقین رکھتی ہیں تو یہ حقیقت میں درست ہے اور وہ ایسا ہی کرنے کی ہمت رکھتی ہیں۔

Deutschland Angela Merkel, Annegret Kramp Karrenbauer und Ursula von der Leyen beim CDU Parteitag
جرمن چانسل میرکل اپنے سابقہ ارزولا فان ڈیئر لان اور نئی وزیر دفاع انے گریت کرامپ کارن باؤر کے ساتھتصویر: Imago Images/IPON/S. Boness

انتخاب کا دن

 فرانسیسی شہر اسٹراس برگ میں واقع یورپی پارلیمنٹ میں ہونے والی ووٹنگ میں جرمنی کی سبکدوش ہونے والی خاتون وزیر دفاع اور قدامت پسند سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین کی سیاستدان ارزولا فان ڈیئر لان کو 383 ووٹ ملے۔

یہ انتخاب خفیہ ووٹنگ کے ذریعے ہوا۔ یورپی پارلیمان کی کُل 747 نشستیں ہیں اور فان ڈیر لائن کو کامیابی کے لیے کم از کم 374 ووٹ درکار تھے۔ وہ محض نو ووٹوں کی عددی برتری سے کامیاب قرار دی گئیں۔ اس تناظر میں تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ ان کو معاملات آگے بڑھانے میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

فان ڈیئر لائن رواں برس یکم  نومبر کو یورپی کمیشن کی صدارت کا منصب سنبھالیں گی۔ وہ اس منصب کو سنبھالنے والی پہلی خاتون ہوں گی۔ موجودہ صدر ژاں کلود ینکر کی مدت اکتیس اکتوبر کو پوری ہو جائے گی۔

ساٹھ سالہ فان ڈیئر لائن برسلز میں پیدا ہوئیں تھیں۔ سیاست میں آنے سے قبل وہ گائناکالوجسٹ تھیں۔ وہ سات بچوں کی والدہ ہیں۔

ع ح، ع ا، نیوز ایجنسیاں