1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مانچسٹر میں چاقو سے حملہ کرنے والا مشتبہ شخص زیر حراست

12 اکتوبر 2019

مانچسٹر کے ایک شاپنگ سینٹر میں پانچ افراد کو چاقو سے زخمی کرنے والا مشتبہ شخص پولیس کی حراست میں ہے۔ پولیس کے مطابق اس چالیس سالہ شخص کے خلاف ’مینٹل ہیلتھ ایکٹ‘ کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/3RBXF
Großbritannien Manchester | Messerstecherei
تصویر: picture-alliance/dpa/@xkimdunnell/Press Association Images

برطانوی شہر مانچسٹر میں جمعہ کے روز آرنڈیل  شاپنگ سینٹر میں ایک مسلح شخص نے چاقو کے وار سے پانچ افراد کو زخمی کردیا تھا۔ پولیس نے مشتبہ شخص کو ذہنی امراض کے ماہر ڈاکٹروں کی جانب سے  معائنے کے بعد 'مینٹل ہیلتھ ایکٹ‘ کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔ قبل ازیں چالیس سالہ مشتبہ شخص کو دہشت گردی اور تشدد کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

مانچسٹر کے وسط میں قائم  آرنڈیل شاپنگ سینٹر میں پیش آنے والے اس واقعے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے تھے، جس میں سے دو خواتین اور ایک مرد کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ اس واقعے میں تاہم کوئی بھی جانی نقصان پیش نہیں ہوا۔ 

گریٹر مانچسٹر پولیس کے بیان کے مطابق اس مشتبہ شخص نے یہ کارروائی اکیلے ہی کی ہے۔ پولیس کے بقول، جب حملہ آور چاقو کے ساتھ شاپنگ سینٹر میں داخل ہونے لگا تو پولیس نے اسے روکنے کی کوشش کی لیکن حملہ آور نے بھاگتے ہوئے لوگوں پر چاقو سے وار کر دیے۔

Messerangriff in Manchester - mehrere Verletzte
تصویر: picture-alliance/dpa/PA Wire/P. Byrne

اس واقعے کے بعد پولیس نے فوری طور پر شاپنگ سینٹر کو خالی کر وا دیا۔ پولیس کی جانب سے حملے کا پس منظر جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق ایمرجنسی سروسز کا عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور صورت حال پر قابو پا لیا۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بھی ہنگامی سروسز کی فوری کارروائی کو ٹوئٹر پر سراہا۔

اس واقعے نے سن 2017 میں مانچسٹر ارینا میں ہونے والے خود کش حملے کی تلخ یادوں کو تازہ کردیا۔ اس افسوسناک واقعے میں بائیس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ع آ / ع ا (AFP,Reuters,dpa)