1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لڑکیوں کا منظم گینگ ریپ، پانچ جرمنوں کو سزائیں

27 نومبر 2018

جرمنی کی ایک عدالت نے پانچ نوجوان جرمن باشندوں کو اسکول کی لڑکیوں کا ریپ کرنے کے جرم میں قید کی سزا سنائی ہے۔ نوجوانوں کے اس گروہ پر کم از کم چھ لڑکیوں کا ریپ کرنے کا الزام تھا۔

https://p.dw.com/p/38ym1
Deutschland Urteil im Prozess um Gruppenvergewaltigungen
تصویر: picture-alliance/dpa/R. Weihrauch

جرمن شہر ایسن کی ایک عدالت نے پیر چھبیس نومبر کے روز اسکول کی لڑکیوں کا منظم انداز میں ریپ کرنے والے ایک گروہ کے پانچ ارکان کو چھ برس تا تین برس کی سزائیں سنائی ہیں۔

سترہ اور چوبیس برس کی عمروں کے مابین ان جرمن نوجوانوں پر کم از کم چھ لڑکیوں کا گینگ ریپ کرنے کا الزام ثابت ہوا تھا۔ ایسن، گیلزن کرشن اور ووپرٹال سے تعلق رکھنے والے یہ نوجوان اسکول کی لڑکیوں کو ورغلا کر انہیں اپنے ساتھ گاڑی میں بٹھاتے اور بعد ازاں کسی ویران جگہ پر لے جا کر ان کا گینگ ریپ کرتے تھے۔ یہ واقعات سن 2016 اور سن 2018 کے مابین پیش آئے تھے۔

’گھناؤنا جرم‘

اس گینگ کے ہاتھوں ریپ کا شکار ہونے والی لڑکیوں میں سے بعض کی عمریں سولہ برس تھیں۔ اس گروہ کا کوئی رکن اسکول کی کسی لڑکی کو اپنے جال میں پھنساتا تھا اور اس دوران یہ نوجوان ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہتے تھے۔ پھر ایک لڑکا اس لڑکی کو اپنے ساتھ گاڑی میں بٹھا لیتا تھا جس کے بعد وہ سب مل کر اسے کسی ویران جگہ پر لے جاتے تھے۔

ریپ کا شکار ہونے والی ایک لڑکی نے عدالت میں بتایا کہ ریپ سے پہلے اس گروہ نے نوجوان لڑکی کو مارنے کی دھمکیاں دی تھیں۔ گروپ کے ارکان نے اس لڑکی سے کہا، ’’اگر تم نے ہمارے ساتھ سونے سے انکار کیا تو ہم تمہارے بازو توڑ دیں گے۔ تمہیں مار مار کر شدید زخمی کریں گے اور پھر کہیں جھاڑیوں میں پھینک دیں گے۔‘‘

ایک اور لڑکی نے عدالت کو بتایا کہ ریپ کا شکار بننے کے بعد وہ زندہ نہیں رہنا چاہتی تھی۔ اس گروپ پر سات لڑکیوں کا ریپ کرنے کا الزام تھا تاہم ایک لڑکی نے ریپ کے الزامات واپس لے لیے تھے۔

تفتیشی حکام نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا ہے کہ پانچ نوجوانوں پر مشتمل اس گروپ کے ہاتھوں گینگ ریپ کا شکار ہونے والی لڑکیوں کی حقیقی تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

جرمن دفتر استغاثہ نے اس گروہ کے ارکان کے لیے پونے آٹھ برس کی قید کی سفارش کی تھی۔

ش ح / ع ب (ڈی پی اے، اے ایف پی)