1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لندن میں پیرا لمپکس کا آغاز

29 اگست 2012

بدھ کے روز سے لندن میں پیرا لمپکس کا آغاز ہو رہا ہے۔ اس میں 166 ملکوں کے چار ہزار دو سو معذور کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ برطانیہ میں پیرالمپکس کا دوبارہ انعقاد چھ دہائیوں سے زائد عرصے کے بعد ہو رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/15zR0
تصویر: dapd

رواں برس جون کے اختتام پر لندن کے ایک ہسپتال میں جرمن نیورو لوجسٹ ’سر لُڈوِش گُٹمان‘ کے مجسمے کی رونمائی کی تقریب کا انعقاد ہوا۔ ڈاکٹر گُٹمان ایک یہودی گھرانے سے تعلق رکھتے تھے اور انیس سو انتالیس میں جرمن نازیوں سے بچ کر برطانیہ پہنچ گئے تھے۔ گُٹمان نے آدھے دھڑ کے فالج سے متاثرہ مریضوں کی زندگی میں ایک انقلاب پیدا کر دیا۔ ڈاکٹر گُٹمان کا خیال تھا کہ جسمانی طور پر معذور افراد کے لیے صرف لیٹے رہنا نقصان دہ ہے اور ان افراد کو بھی جسمانی طور پر مشغول رہنا چاہیے۔

گُٹمان کی اسی تصور کی وجہ سے اُنہیں پیرا لمپکس کا بانی کہا جاتا ہے۔ انیس سو چوالیس میں گُٹمان اپنے ہسپتال میں داخل ہو رہے تھے کہ انہیں کوریڈور میں مریض دکھائی دیئے، جو اپنی بیساکھیوں کی مدد سے کسی چیز کو ایک دوسرے کی طرف پھینک رہے تھے۔ گُٹمان نے بھی ان کے ساتھ مل کر کھیلنا شروع کر دیا اور اس طرح ’ویل چیئر پولو‘ کا کھیل متعارف ہوا۔

Großbritannien Paralympics in Mandeville 1957
تصویر: picture-alliance/dpa/empics

اس کے بعد کئی معذور مریضوں نے کھیلنا شروع کر دیا، جس سے نہ صرف ان کا مدافعتی نظام بہتر ہوا بلکہ ان کی خود اعتمادی کو بھی فروغ ملا۔ سن 1948ء ہی میں ڈاکٹر گُٹمان نے اپنے ہسپتال کے پارک میں جنگ سے متاثرہ معذور فوجیوں کے لیے تیراندازی کے ایک مقابلے کا انعقاد کروایا۔ اس مقابلے میں سولہ افراد شریک تھے۔

ان کھیلوں کا انعقاد جولائی انیس سو اڑتالیس میں اُسی دن ہوا، جس دن لندن میں اولمپک گمیز کا آغاز ہوا۔ برطانوی تاریخ کے سب سے کامیاب پیرا لمپکس تیراک کرس ہولمز اس بارے میں کہتے ہیں، ’’یہ ایک زبردست کامیابی تھی، جو لُڈوِش گُٹمان کو ملی۔ اس کا ایک خواب تھا، جس پر آج بھی لوگ یقین نہیں کر پاتے۔ اس کا خواب تھا کہ گیمز کے ذریعے ساری دنیا کے معذوروں کو اکٹھا کیا جائے۔ گُٹمان کی خدمات گراں قدر ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہم پیرا لمپکس دو ہزار بارہ میں اُنہیں خاص خراج تحسین پیش کرنا چاہتے ہیں۔‘‘

پیرا لمپکس کا انعقاد ہر چار برس بعد ہوتا ہے اور اس کا آغاز سن 1960ء میں روم سے ہوا تھا۔ وقت کے ساتھ ساتھ پیرا لمپکس کے قوانین، انتظامات اور مقبولیت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اس مرتبہ پیرا لمپکس کی 2.5 ملین ٹکٹوں میں سے 2.2 ملین ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں جبکہ دنیا بھر سے آئے ہوئے چھ ہزار صحافی اس کی کوریج کریں گے۔

Blaschke, R/Nestler, S/ ia/km