1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستمیانمار

میانمار فوج، لندن میں سفیر فارغ

8 اپریل 2021

برطانیہ میں میانمار کے سفیر کا کہنا ہے کہ فوجی حکومت نے انہیں لندن میں قائم سفارتخانے سے سبکدوش کر کے ان کا داخلہ بند کردیا۔ 

https://p.dw.com/p/3riOz
UK Botschaft von Myanmar in London | Botschafter Kyaw Zwar Minn
تصویر: Dominic Lipinski/empics/picture alliance

سبکدوش کر دیے جانے والے سفیر کیوا زوار مِن نے کہا کہ دفاعی اتاشے نے فوجی حکومت کی ایما پر کچھ دیگر اہلکاروں کے ساتھ مل کر عمارت سے پر قبضہ کر لیا اور ان کا داخلہ بند کر دیا۔

میانمار میں یکم فروری کو فوجی قیادت کی طرف سے اقتدار پر قبضے نے ملک کے سفارتی حلقے کو تقسیم کیا اور اقوام متحدہ میں میانمار کے سفیر سمیت کئی سفیروں نے فوجی حکومت کی نمائندگی سے انکار کردیا تھا۔

Myanmar I UN Botschafter  Kyaw Moe Tun  in New York
تصویر: United Nations TV/REUTERS

پچھلے ماہ برطانیہ میں متعین سفیر کیوا زوار مِن نے ایک بیان میں اپنی حکومت پر زور دیتے ہوئے نظربند رہنما آنگ سان سوچی اور سابق صدر ون منٹ کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد فوجی حکومت نے انہیں واپس طلب کر لیا تھا۔          

برطانوی حکومت نے میانمار کی حکومت کے اس اقدام کی مذمت کی ہے۔ وزیر خارجی ڈومینِک راب نے کہا کہ وہ سبکدوش کردیے جانے والے سفیر کی ہمت اور حوصلے کی قدر کرتے ہیں۔

فوج کی پکڑ دھکڑ

 پچھلے دو ماہ کے دوران میانمار میں جنرل من آنگ ہلینگ کی حکومت نے ملک میں سویلین بالادستی کے حق میں مظاہروں کو طاقت کے زور پر کچلنے کی کوشش کی ہے۔

Myanmar Proteste
تصویر: AP Photo/picture alliance

انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق اب تک کم از کم 598 لوگ ہلاک اور 2900 کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ بدھ کو مزید بارہ ہلاکتوں کی خبریں سامنے آئیں۔

فوجی حکام نے حکومت کی مخالفت کرنے والےایک سو سے زائد نامور اداکاروں، فنکاروں اور ادیبوں کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر رکھے ہیں۔

مشہور ماڈل گرفتار

بدھ کو سکیورٹی حکام نے فوجی حکومت پر تنقید کرنے والے ایک مشہور اداکار، گلوکار اور ماڈل کو گرفتار کر لیا۔ چوبیس سالہ پینگ تاخون میانمار اور تھائی لینڈ کی ایک مشہور شخصیت ہیں اور فیس بک اور انسٹاگرام پر ان کے دس لاکھ فالور ہیں۔

ایک فیس بک پوسٹ میں ان کی بہن کا کہنا ہے کہ آٹھ ٹرکوں پر پچاس کے قریب فوجی آئے اور ان کے بھائی کو اٹھا کر لے گئے۔ ان کے ایک جاننے والے کے مطابق پینگ تاخون کچھ عرصے سے ڈپریشن کا شکار تھے اور گھر پر تھے۔ ایک اور جاننے والے کا کہنا ہے کہ ان کی جسمانی صحت بھی ٹھیک نہیں تھی اور وہ چلنے پھرنے کے قابل نہیں تھے۔ حکام نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں کہاں لے جایا گیا ہے۔

پینگ تاخون نے بھی فوجی اقتدار کے خلاف ملک میں جاری مظاہروں میں حصہ لیا تھا۔ انہوں  نے سوشل میڈیا پوسٹس میں ملک کی نظربند رہنما آنگ سان سوچی کی رہائی اور جمہوریت کی بحالی کا مطالبہ کیا تھا۔

Myanmar Paing Takhon
تصویر: Str/Getty Images/AFP

ش ج، ع ا (اے ایف پی، روئٹرز)