1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہبرطانیہ

لندن میں ایرانی ٹی وی اینکر پر چاقو سے حملے کی تفتیش شروع

30 مارچ 2024

برطانوی دارا لحکومت میں قائم فارسی ٹیلی ویژن کے میزبان پوریا زیراتیکو کو ان کے گھر کے باہر چاقو کے وار کر کے زخمی کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/4eHH8
Pouria Zaraati | britisch-iranischer Journalist
تصویر: volantmedia.net

برطانوی دار الحکومت میں قائم ایک فارسی ٹی سی چینل کے میزبان  پوریا زیراتیکو کو ان کے گھر کے باہر چاقو کے وار کر کے زخمی کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

پولیس حکام کے مطابق لندن میں قائم ایک فارسی چینل ایران انٹرنیشنل کے ایک پریزینٹر پوریا زیراتی کو جمعہ کی سہ پہر چاقو سے وار کر کے زخمی کر دیا گیا۔ تاہم ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔برطانوی انسداد دہشت گردی کی پولیس نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ایران کی سخت گیر مذہبی حکومت کو طویل عرصے سے اس ٹیلی ویژن چینل کی جانب سے تنقید کا سامنا رہا ہے۔ اس واقعے کے بعد فارسی زبان کے اس سیٹلائٹ نیوز چینل کو لاحق خطرات پر تشویش بڑھ رہی ہے۔

 لندن کی میٹروپولیٹن پولیس(میٹس) کے مطابق زیراتی پر حملہ برطانیہ میں مقیم ایرانی صحافیوں کو دی جانے والی حالیہ دھمکیوں کی ایک عملی کڑی ہے۔ اس حملے کے محرکات کے متعلق جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

میٹس کے انسداد دہشت گردی کی کمانڈ کے سربراہ  ڈومینک مرفی نے کہا، '' ہم اس واقعے کی تفتیش کر رہے ہیں۔ ہماری ترجیح اس وقت یہ ہے کہ ہم حملہ آوروں کا پتا لگا کر انہیں گرفتار کریں۔‘‘

ایران انٹرنیشنل کے ترجمان ایڈم بیلی کے مطابق یہ ایک انتہائی خوفزدہ کر دینے والا واقع ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ماضی میں بھی اس ادارے سے منسلک صحافیوں کو قتل اور اغوا کی دھمکیاں موصول ہوتی رہی ہیں۔

انہوں نے کہا، "یہ ایک چونکا دینے والا واقع تھا۔‘‘ پولیس کے مطابق برطانیہ میں اس سے قبل قتل اور اغوا کی ایسی کئی سازشیں ناکام بنائی جا چکی ہیں جن میں ایسے لوگ ہدف ہوتے جنہیں ایرانی حکومت اپنا دشمن تصور کرتی تھی۔ پولیس کی جانب سے مستقبل میں ایسے افراد کے تحفظ کو یقینی بنانے کا عزم بھی ظاہر کیا گیا۔

گزشتہ سال کے آغاز پر ایران انٹرنیشنل نے لندن میں اپنا آپریشن عارضی طور پر بند کر دیا تھا جسے چند ماہ بعد دوبارہ بحال کیا گیا۔ ادارے کا کہنا تھا کہ انہیں ایران کی جانب سے خطرات کا سامنا ہے۔

Pouria Zaraati | britisch-iranischer Journalist
برطانوی دارا لحکومت میں قائم فارسی ٹیلی ویژن کے میزبان پوریا زیراتیکو کو ان کے گھر کے باہر چاقو کے وار کر کے زخمی کیا گیا۔تصویر: volantmedia.net

آسٹریا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو گزشتہ سال اس ادارے کی جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا اور  چھ ماہ کی قید بھی سنائی گئی تھی۔

ہاؤس آف کامنز کی خارجہ امور کی کمیٹی کی سربراہ ایلیسیا کیرنز نے تشویش کا اظہار کیا کہ برطانیہ اب بھی ایرانی حکومت کے مخالفین کے تحفظ کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہا ہے۔

انہوں نے ایکس پر لکھا، ''اگرچہ اس حملے سے متعلق مکمل معلومات ابھی ہمارے پاس موجود نہیں ہیں تاہم ایران ان بہادر لوگوں کو نشانہ بنائے ہوئے ہے جو ان کی سخت گیر حکومت کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں۔ ہم اور ہمارے حمایتی ان لوگوں کا تحفظ یقینی بنائیں گے جو ہمارے ملکوں میں رہ رہے ہیں۔‘‘

رواں ماہ برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے ایران کے خلاف پراپیگنڈہ کے الزامات پر بی بی سی کی فارسی سروس کے 10 صحافیوں کو ایک ایرانی عدالت کی طرف سے ان کی غیر موجودگی میں سزا سنائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے 'مکمل طور پر ناقابل قبول‘ قرار دیا تھا۔

کیمرون نے ہاؤس آف لارڈز میں کہا، ''جب میں آخری بار ایرانی وزیر خارجہ سےملا تو میں نے ان کے سامنے یہ معاملہ اٹھایا کہ ایران برطانیہ میں مقیم آزادانہ حقائق کو سامنے رکھنے والے صحافیوں کو قتل کرنے کے لیے پیشہ ور مجرموں کو رقوم ادا کر رہا ہے۔

‘‘

ر ب / ش ر (اے پی)