1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاک ڈاؤن کے باوجود کھلاڑی سٹہ بازوں سے ہوشیار رہیں

19 اپریل 2020

نئے کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی لاک ڈاؤن کے باعث کرکٹ کے اہم اور بڑے مقابلے غیرمعینہ مدت کے لیے معطل ہیں لیکن اس عالمی وبا کے دوران بھی کھلاڑیوں کو ممکنہ سٹہ بازوں سے ہوشیار رہنا ہو گا۔

https://p.dw.com/p/3b8Bp
Sport Cricket l Pakistan vs Bangladesch
تصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے انسداد بدعنوانی یونٹ کے سربراہ الیکس مارشل نے خبردار کیا ہے کہ ایسا سوچنا غلط ہو گا کہ بین الاقوامی سطح پر کرکٹ مقابلوں کے رک جانے سے سٹہ بازی کے واقعات میں کمی ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سٹہ باز اس مخصوص  وقت میں کھلاڑیوں کے ساتھ روابط بنا سکتے ہیں۔

نئے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث گزشتہ ماہ سے کرکٹ کے بین الاقوامی، ڈومیسٹک اور لیگ مقابلے تعطل کا شکار ہیں۔ اس بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ کرکٹ دوبارہ کب شروع ہو گی۔ حال ہی میں انڈین پریمیئر لیگ کے مقابلے بھی غیرمعینہ مدت کے لیے معطل کیے گئے۔

الیکس مارشل نے کہا ہے کہ مجرمانہ ذہنیت کے حامل افراد اس لاک ڈاؤن میں بھی غیرفعال نہیں ہوں گے اور اس صورتحال میں بھی ان کی کوشش ہو گی کہ وہ سٹہ بازی کریں۔ انہوں نے کہا کہ فکسنگ صرف میچوں کے دوران ہی ممکن نہیں بلکہ ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ سٹہ باز اس وقت بھی کھلاڑیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کریں۔

یہ بھی پڑھیے: کورونا وائرس کے خلاف جنگ، انگلش کرکٹر بھی میدان میں کود پڑے

برطانوی اخبار گارڈٰین سے گفتگو میں مارشل نے خبردار کیا، ''کووڈ انیس نے عارضی طور پر دنیا بھر میں ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کو روک دیا ہے تاہم بدعنوان عناصر اب بھی فعال ہیں۔۔۔ اس لیے ممبران، کھلاڑیوں، کھلاڑیوں کی ایسوسی ایشنز اور ایجنٹس کے ساتھ ہمارا رابطہ بدستور برقرار ہے۔‘‘

انگینڈ کے سابق پولیس اہلکار مارشل نے مزید کہا کہ کرکٹ میں تعطل کے باعث کھلاڑیوں کی کمائی پر فرق پڑا ہے اور ان کی ٹیم جانتی ہے کہ ذرائع آمدن میں کمی کے باعث کھلاڑی بھی فکسنگ کی طرف مائل ہو سکتے ہیں۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے انسداد بدعنوانی یونٹ کے سربراہ نے کہا کہ ایسے بدعنوان، جو پہلے سے نظروں میں ہیں، اس مخصوص وقت کو استعمال کر سکتے ہیں، جب کھلاڑی فراغت کے باعث سوشل میڈیا پر زیادہ ایکٹیو ہیں۔ اس دوران بدعنوان عناصر کھلاڑیوں سے تعلقات استوار کر سکتے ہیں، جو بعد میں استعمال بھی کیے جا سکتے ہیں۔

مارشل نے بتایا کہ انہی خطرات کے پیش نظر ان کی ٹیم نے ممبر ممالک اور کھلاڑیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس مخصوص وقت میں سٹہ بازوں سے ہوشیار رہیں۔

ع ب / ع ت / خبر رساں ادارے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں