1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاک ڈاؤن: پاکستانی معاشرے کو تخلیقی ہاتھوں کو تھامنا ہوگا

3 مئی 2020

پاکستان میں کورونا بحران کے باعث جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے فنون لطیفہ کی سرگرمیاں بھی مانند پڑ چکی ہیں اور آرٹ کے مختلف شعبوں سے وابستہ کارکن شدید معاشی مشکلات کا شکار ہوچکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3biSc
BG Pakistan Hazara Minderheit
تصویر: Reuters/A. Soomro

پاکستان میں اس وقت تھیٹر، سنیما ہالز اور آرٹ گیلیریاں بند ہیں۔ میوزک فیسٹیولز، کارپوریٹ شوز، کتاب میلے اور پینٹنگز کی نمائشیں بھی نہیں ہو رہیں۔ پرائیویٹ پروڈکشن ہاؤسز میں بھی کام ٹھپ ہے، کوئی البم ریلیز ہو رہی ہے اور نہ ہی کسی برانڈ کا افتتاح ہو رہا ہے۔ اس ساری صورتحال کی وجہ سے آرٹ انڈسٹری کے مختلف شعبوں میں کام کرنے والوں کی اقتصادی مشکلات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ پرائیویٹ ریڈیوز اور ٹی وی چینلز کے لیے روزانہ مشاہرے کی بنیاد پر کام کرنے والے سکرپٹ رائٹرز، ریسرچرز اور میوزک کمپوزر بھی مشکلات کا شکار ہیں۔ اس صورتحال کا تکلیف دہ پہلو یہ ہے کہ ابھی واضح طور پر یہ معلوم نہیں ہو پا رہا کہ یہ صورتحال کب تک جاری رہے گی۔  آرٹ انڈسٹری سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ حکومت آرٹ کمیونٹی کے لیے بھی خصوصی پیکج کا اعلان کرے۔

Pakistan Kultur und Tourismus Projekt in Peshawar (Bildergalerie)
تصویر: DW/D. Babar

آرٹ کی دنیا سے وابستہ متعدد لوگوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ کورونا بحران کی وجہ سے لوگ صرف ضروری استعمال کی چیزیں خرید رہے ہیں اور کسی ممکنہ مشکل حالات کے لیے پیسے سنبھال رکھنے کی غرض سے ''غیرضروری‘‘ اخراجات سے اجتناب کر رہے ہیں۔ وہ آرٹسٹ جو پینٹنگز بنا کر اپنی روزی کماتے ہیں وہ ایک طرح سے ڈیلی ویجز لوگوں کی طرح ہی کام کرتے ہیں۔ اب آرٹ گیلیریاں بند ہو جانے سے نہ پینٹنگز بک رہی ہیں اور نہ ہی ان کی نمائش ممکن ہے۔

 آرٹ ورک اکٹھا کرنے والے ایک بزنس مین نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے دوران کوریئر سروسز کی بندش سے وہ پینٹنگز بھجوانے کی اپنی کمٹمنٹ پوری نہیں کرسکے جس کی وجہ سے انہیں بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

Pakistan Projekt I am Karachi
تصویر: DW/U. Fatima

پینٹنگز کے کاروبار سے وابستہ لاہور کے ایک نوجوان بزنس مین حمزہ یٰسین نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ پینٹنگز خریدنے والا کوئی گاہک مارکیٹ میں نہیں ہے۔ ان کے بقول کرائے کے مکانوں میں رہنے والے غریب اور خود دار آرٹسٹوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے: ''میرے ساتھ کوئی 25 کے قریب آرٹسٹ کام کرتے ہیں لیکن ان میں سے صرف ایک تک معمولی حکومتی امداد پہنچی ہے۔‘‘

پاکستان کے ممتاز مجسمہ ساز اور کالج آف آرٹس اینڈ ڈیزائن پنجاب یونیورسٹی کے استاد حبیب عالم نے ڈی ڈبلیو کے ساتھ ایک انٹرویو میں بتایا کہ آرٹ گیلریوں کے مالکان عموماﹰ بہت امیر لوگ ہوتے ہیں، ان میں سے جو انسانی ہمدردی رکھنے ہیں وہ تو اپنے کارکنوں کا خیال کر رہے ہیں اور جو کاروباری فیزیبیلٹی کا دھیان رکھنے والے ہیں وہ معاشی مشکلات کا جواز بنا کر کارکنوں کی سرپرستی سے ہاتھ اٹھا لیتے ہیں۔

Pakistan Kultur und Tourismus Projekt in Peshawar (Bildergalerie)
تصویر: DW/D. Babar

پاکستان کی ایک معروف آرٹسٹ عنبرین کرامت ایک آرٹ کنسلٹنٹ ہیں اور ایک ایسی کمپنی کی مالک ہیں جو  پاکستانی آرٹ کو پرموٹ کرنے کے لیے سرگرم ہے۔  انہوں نے ڈی ڈبلیو کے ساتھ اپنی خصوصی گفتگو میں بتایا کہ  بدقسمتی سے پاکستان میں لوگ آرٹسٹوں کا نہیں بلکہ اپنا فائدہ سوچتے ہیں۔ ان کے بقول مشکل کے اس دور میں بھی بعض لوگ آرٹسٹوں کی مجبوری سے فائدہ اٹھا کر اونے پونے داموں پینٹنگز خریدنے کے لیے سرگرم ہیں: ''پاکستان میں ہر سال دو سو آرٹسٹ آرٹ کی تعلیم حاصل کرکے نکلتے ہیں لیکن ان کے لیے بس ایک دو ہی ڈھنگ کی گیلیریاں ہیں۔ کمرشل گیلیریوں والے آرٹ کو کاروباری انداز میں ہی دیکھتے ہیں۔ اس لیے آرٹسٹ تدریس وتعلیم  یا میڈیا وغیرہ سمیت دوسرے شعبوں کی طرف چلے جاتے ہیں۔‘‘

عنبرین کرامت کے بقول، ''میں نے حال ہی میں سو سال پہلے آنے والی وبا کے حالات کا مطالعہ کیا ہے۔ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ اس دور میں بھی وبا کے بعد آرٹسٹوں کی بحالی کے لیے حکومتوں نے خصوصی کوششیں کی تھیں، آرٹسٹ ہمارے ثقافتی سفیر ہوتے ہیں۔ ہماری حکومت کو بھی چاہیے کہ ان مشکل دنوں میں ان کی سرپرستی کرے اور اس سلسلے میں خصوصی طور پر پوسٹ کورونا قومی آرٹ پالیسی بنا کر آرٹسٹوں کے لیے مراعات کا اعلان کرے۔‘‘ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ان کے علم میں ابھی تک یہ نہیں آیا کہ حکومت نے کسی آرٹسٹ کی مناسب امداد کی ہو: ''ہم اپنے طور پر کچھ عالمی فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر ایک ایسا پلیٹ فارم بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے ذریعے پاکستانی آرٹسٹوں کی مدد کی جاسکے۔‘‘

Pakistan Kultur und Tourismus Projekt in Peshawar (Bildergalerie)
تصویر: DW/D. Babar

عنبرین کرامت  کےمطابق، ''میں نیویارک سے آرٹ میں ماسٹر کر کے جب پاکستان واپس آنے لگی تو میں نے آخری دن اپنا میل بکس چیک کیا تو اس میں ایک لفافہ تھا ، میں نے لفافہ کھولا تو میں یہ دیکھ کر حیران رہ گئی کہ اس میں دو ہزار ڈالر کا ایک چیک تھا ، میرے پوچھنے پر مجھے یونیورسٹی کی طرف سے بتایا گیا کہ آپ تعلیم مکمل کرکے عملی زندگی میں جا رہی ہو، یہ ایک 'سِیڈ منی‘ ہے جسے آپ اپنے کیرئیر کو مستحکم کرنے میں استعمال کریں۔ دوسرے ملکوں میں فن اور ثقافت کی سرپرستی کی جاتی ہے۔ ہمارے ہاں آرٹسٹ مشکلات میں گھرے رہتے ہیں، اگر ہم پاکستان کے آرٹسٹوں کو کوئی گرانٹ یا ملازمت دے کر معاشی پریشانیوں سے آزاد کر دیں تو یقین مانیں وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے پاکستانی ثقافت کو اجاگر کر کے ہمارے سافٹ امیج کو یوں اجاگر کریں گے کہ ہم اس پر فخر کر سکیں گے۔‘‘