1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا ورلڈ کپ، جرمنی نے ارجنٹائن کو پچھاڑ دیا

3 جولائی 2010

جرمنی نے فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن کو صفر کے مقابلے میں چار گولوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا ہے۔

https://p.dw.com/p/OA4R
تصویر: AP

جرمن ٹیم سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر گئی ہے۔ کھیل کے تیسرے منٹ میں ہی میں جرمن سٹرائیکر تھوماس ملر نے ٹیم کو ایک گول کی سبق دلا دی۔ پہلے ہاف کے اختتام تک یہی سبقت قائم رہی۔

دوسرے ہاف میں جرمن ٹیم مزید بہتر انداز سے میدان میں اتری اور ارجنٹائن کے دفاعی کھلاڑیوں کو بے بس رکھا۔ اس میچ میں جرمن ٹیم نے ہر شعبے میں ارجنٹائن کو آؤٹ کلاس کر دیا۔ نوجوان جرمن کھلاڑیوں نے ایک طرف تو مخالف گول پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا اور اس کے ساتھ ہی ساتھ مخالف ٹیم کے کئی حملوں کو بھی ناکام بنایا۔

WM Südafrika 2010 Deutschland vs Argentinien Flash-Galerie
تصویر: AP

کھیل کے دوسرے ہاف میں جرمن کھلاڑی لوکاس پوڈولسکی کے پاس پر میروسلاف کلوزے نے بال گول میں پھینک کر جرمنی کی برتری کو مزید بہتر کر دیا۔ اس کے بعد ارجنٹائن کی ٹیم کا باہمی ربط کوئی خاص انداز سے نظر نہ آیا اور گٹھ جوڑ کے فقدان کے باعث ارجنٹائن کے کھلاڑیوں نے انفرادی سطح پر چند ایک خوبصورت مووز تو بنائے، تاہم گول نہ کر سکے جبکہ جرمن کھلاڑی مکمل باہمی ربط کا مظاہرہ کرتے رہے۔

کھیل کے 68ویں منٹ میں کلوزے نے ایک اور گول کر دیا اور کھیل کے آخری لمحات میں جرمن مِڈ فیلڈر فرائیڈریش نے جرمنی کی طرف سے چوتھا گول کر کے جیت یقینی کردی۔

WM Südafrika 2010 Deutschland vs Argentinien Flash-Galerie
تصویر: AP

کھیل میں اگر چہ بال ارجنٹائن نے زیادہ دیر اپنے پاس رکھی لیکن کوئی کھلاڑی ارجنٹائن کے لئے گول کرنے میں کامیاب نہ ہو پایا۔ مجموعی طور پر کھیل کے دوران 54 فیصد بال پوزیشن ارجنٹائن کے پاس رہی، جبکہ 46 فیصد جرمنی کے پاس۔ کھیل میں مجموعی طور پر ارجنٹائن نے جرمن گول پر سات مرتبہ حملہ کیا اور جرمنی نے صرف چھ مرتبہ۔ اسی طرح اس میچ میں ارجنٹائن کو پانچ کارنرز ملے اور جرمنی کو چار۔

ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کی جانب سے 20 فاؤل کئے گئے اس کے مقابلے میں جرمنی کے کھلاڑیوں کی طرف سے فاؤل کی تعداد 14 رہی۔ ارجنٹائن کے دو کھلاڑیوں کو پیلا کارڈ دکھایا گیا اور جرمنی کے ایک کھلاڑی کو۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں