فٹ بال: چیمپیئنز لیگ کے سیزن کا شاندار آغاز
16 ستمبر 2009جرمن قومی چیمپئن وولفس بُرگ نےزیڈ ایس کے اے ماسکو کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔ یہ تینوں گول بنیادی طور پر برازیل سے تعلق رکھنے والے اسٹار کھلاڑی گرافیٹ نے کئے، جس نے جرمنی کی قومی لیگ کے گذشتہ سیزن میں سب سے زیادہ یعنی اٹھائیس گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو قومی چیمپئن کا اعزاز دلوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ بائرن میونخ نے اسرائیلی چیمپئن ٹیم مکابی ہائیفہ کے خلاف تین صفر سے کامیابی حاصل کی۔
ممتاز ہسپانوی کلب ریئل مَیڈرڈ نے، جس میں دنیا کےسب سے مہنگے کھلاڑی کے طور پر شہرت رکھنے والے کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو بھی کھیلتے ہیں، اپنے اِس سیزن کے افتتاحی میچ میں سوئٹزرلینڈ کے کلب ایف سی زیورچ کو آسانی سے دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی۔ اِن میں سے دو گول رونالڈو نے کئے۔
اطالوی کلب اے سی میلان نے فرانسیسی کلب اولمپیک مارسے کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ رونالڈو کوچورانوے ملین یورو کے عوض ریئل مَیڈرڈ کو فروخت کرنے و الی اُس کی سابقہ ٹیم، برطانیہ کی مانچسٹر یونائیڈ نے بیزک تاس استنبول کے خلاف ایک صفر سے کامیابی حاصل کی۔ جرمن کلب وولفس بُرگ کا مقابلہ آگے چل کر استنبول کے ساتھ ساتھ مانچسٹر یونائیڈکے ساتھ بھی ہونے والا ہے، جو گذشتہ سیزن کے فائنل میں بارسلونا سے ایک صفر سے ہار گئی تھی۔