1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فنکارہ بلی آئيلش کے البم کا بيڈ روم سے گريمیز تک کا سفر

27 جنوری 2020

اٹھارہ سال کی نوجوان فنکارہ بلی آئيلش کا ذہنی دباؤ اور موسمياتی تبديليوں جيسے موضوعات پر مبنی ميوزک البم اس بار گريمی ايوارڈز ميں سب سے نماياں رہا اور اس نے کئی ايوارڈز جيتے۔

https://p.dw.com/p/3WsU6
62. Grammy-Auszeichnungen | Billie Eilish
تصویر: AFP/R. Beck

بلی آئيلش نے اپنے بھائی فينياس کے ساتھ مل کر ايک چھوٹے سے کمرے ميں ايک ميوزک البم بنایا تھا۔ اسی البم نے موسيقی کی دنيا کے سب سے معتبر کہلانے والے گريمی ايوارڈز کی گزشتہ رات لاس اينجلس ميں منعقدہ تقريب ميں دھوم مچا دی۔ ايک ہی گھرانے سے تعلق رکھنے والے يہ دونوں فنکار مجموعی طور پر گيارہ ايوارڈز کے حقدار قرار پائے۔ اٹھارہ سالہ گلوکارہ بلی آئيلش نہ صرف سال کی بہترين فنکارہ قرار پائيں بلکہ سب سے عمدہ گانے، ريکارڈ اور سب سے عمدہ ميوزک البم کے تینوں ايوارڈز بھی انہی کو ملے۔ وہ مجموعی طور پر پانچ اہم ترين ايوارڈز جيتنے ميں کامياب رہيں۔ آئيلش يہ ايوارڈ جيتنے والی سب سے کم عمر فنکارہ بھی بن گئی ہيں۔ گريمی ايوارڈز ميں آخری مرتبہ ايسا سن 1981 ميں ہوا تھا کہ ايک ہی فنکار نے چار اعلیٰ ترين ايوارڈز جيتے تھے۔ تب يہ اعزاز کرسٹوفر کراس کو حاصل ہوا تھا۔

62. Grammy-Auszeichnungen | DJ Khaled, John Legend und Mitglieder der Familie von Nipsey Hussle
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Sayles

آئيلش کے بھائی فينياس نے بھی ميوزک البم کے گانے لکھنے، ان کی پروڈکشن اور ديگر امور ميں کليدی کردار ادا کيا، جس کے ليے انہيں چھ مختلف کيٹيگريز ميں ايوارڈز ملے۔ فينياس نے یہ ايوارڈز وصول کرتے وقت کہا کہ انہوں نے اس موقع کے ليے کوئی خصوصی تقرير نہيں لکھی کيوں کہ انہوں نے مذکورہ البم گريمی ايوارڈ جيتنے کے ليے تو بنایا ہی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا، ’’ہم نے ذہنی دباؤ، خود کشی کے خيالات سے نمٹنے اور موسمياتی تبديليوں جيسے مسائل پر يہ البم بنایا۔ آج ہم يہاں کھڑے بہت خوش بھی ہيں اور جیسے کچھ سمجھ بھی نہيں آ رہا۔‘‘

USA Trauer für Kobe Bryant im Staples Center
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Sayles

امريکی شہر لاس اينجلس ميں گريمی ايوارڈز کی تقريب اتوار چھبيس جنوری کی رات منعقد ہوئی۔ اس سالانہ تقريب کے آغاز سے چند ہی گھنٹے قبل باسکٹ بال کے تاريخ ساز کھلاڑی کوبے برائنٹ کی ايک ہيلی کاپٹر حادثے ميں ان کی بيٹی اور ديگر سات افراد کے ساتھ ہلاکت کی وجہ سے اس تقريب پر اداسی کے بادل چھائے رہے۔ تقريب کی افتتاحی پرفارمنس سے لے کر اختتام تک کئی مواقع پر برائنٹ کا ذکر ہوتا رہا اور متعدد فنکاروں نے انہيں خراج عقيدت پيش کيا۔

گريمی ايوارڈز کے حقدار فنکاروں کا تعين ريکارڈنگ اکيڈمی کرتی ہے۔ يہ کمپنی پچھلے چند دنوں سے داخلی سطح پر مشکلات کا شکار ہے۔ کمپنی کی چيف ايگزيکيٹو آفيسر ڈيبرا ڈُوگن کو چند روز قبل جبری رخصت پر بھيج ديا گيا تھا۔ اس فيصلے کی وجہ ان کا نامناسب رويہ بتائی گئی تھی۔ اس کے برعکس ڈُوگن نے ايوارڈز کے ليے نامزدگيوں کے مرحلے ميں مبینہ دھاندلی کے الزامات بھی عائد کيے ہيں۔

ع س / م م، نيوز ايجنسياں