فلمی میلے برلینالے کی خصوصی جھلکیاں
جرمن دارالحکومت برلن میں سینما گھر کُھل گئے ہیں۔ برلینالے سَمر اسپیشل کا آغاز نو جون سے ہو گیا ہے۔ اس کی چند جھلکیاں تصاویر کی صورت میں پیش ہیں۔
سَمر اسپیشل
کورونا وبا کی وجہ سے رواں برس کے جرمن فلمی میلے برلینالے کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا گیا تھا۔ پہلے حصہ آن لائن رکھتے ہوئے فلم انڈسٹری کے ماہرین کے لیے مخصوص کر دیا گیا تھا۔ اب موسم گرما میں برلینالے کی فلمی تقریبات نو سے بیس جون تک جاری رہیں گی۔ اس موقع پر کئی فلموں کو آؤٹ ڈور نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔
منتظمین کی مسکراہٹیں
برلن کا انٹرنیشنل فلم فیسٹول پہلی مرتبہ کارلو شیتریان اور میریئٹے ریسن بیک کی قیادت میں سن 2020 میں پیش کیا گیا تھا۔ اُس وقت ابھی کورونا وبا پھوٹ رہی تھی۔ سن 2021 میں وبا کی وجہ سے اس میلے کی تمام روایات کو نئے سرے سے مرتب کرنا پڑا۔ بے یقینی کے چند مہینوں کے بعد برلن میوزیم کا علاقہ نو جون سے دوبارہ جگمگانے لگا ہے۔ ان روشنیوں نے منتظمین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دی ہیں۔
مونیکا گرُؤٹرز: ایک اسپیشل فیسٹیول
افتتاحی تقریب کے موقع پر جرمن کمشنر برائے ثقافت و ذارئع ابلاغ مونیکا گرُؤٹرز نے امید کا اظہار کیا کہ سَمر اسپیشل ایک حقیقی رومان پرور ماحول پیدا کرے گا۔ جرمنی میں سینما گھر گزشتہ برس دو نومبر سے بند ہیں۔ آؤٹ ڈور فلموں کی نمائش حال ہی میں اجازت ملنے کے بعد شروع ہوئی ہے۔
دا موریٹینیئن: ایک حقیقی وکیل
سَمر اسپیشن برلینالے کا آغاز فلم ’دا موریٹینیئن‘ کی نمائش سے ہوا، اس کے ہدایت کار کیون میکڈونلڈ ہیں۔ یہ گوانتنامو بے جیل میں چودہ سالوں سے قید ایک شخص کی کہانی ہے۔ فلم میں جوڈی فوسٹر نے ایک فوجداری وکیل کا کردار بھرپور انداز میں ادا کیا ہے۔
زیادہ تر جرمن فلمی ستارے
برلینالے سَمر اسپیشل کی افتتاحی تقریب میں جرمن فلم انڈسٹری کے کئی نامی گرامی افراد شریک تھے۔ ان شخصیات میں مشہور فلم ’ٹن ڈرم‘ کے ہدایتکار فولکر شلوئنڈورف بھی شامل تھے۔ ہالی ووڈ کے اداکار و ہدایتکار برلینالے میں اکثر شریک ہوتے ہیں لیکن اس موسم گرما کی تقریب میں وہ شرکت سے دور رہے۔
پرانے سَمر فیسٹیول کی یادیں
یہ امر اہم ہے کہ برلینالے کا انعقاد برسوں قبل موسم گرما ہی میں کیا جاتا تھا۔ جرمن اداکارہ ایریس بیربین نے افتتاحی تقریب میں پرانی یادوں کو تازہ کیا۔ وہ سن 1950 میں پیدا ہوئی تھیں۔ پھر ستر کی دہائی میں منتظمین نے فرانسیسی فلم فیسٹیول کن سے قبل موسم سرما میں اسے منعقد کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا۔
سارے شہر میں تقریبات
برلن میوزیم آئی لینڈ میں خاص طور پر اوپن ایئر سینما کو تیار کیا گیا ہے۔ یہ آئی لینڈ برلینالے کا مرکزی مقام ہے۔ سَمر اسپیشل کے موقع پر دکھائی جانے والی کئی فلموں کی نمائش سارے شہر کے مختلف سینما گھروں میں کی جا رہی ہے۔ ایسے مقامات کی تعداد سولہ ہے۔
انتظار کی گھڑیاں ختم
انتظار کے بعد سَمر اسپیشل کی تقریبات میں لوگ کی جوق در جوق شرکت نے انہیں تفریح کا موقع فراہم کیا ہے۔ پررونق ماحول میں وہ فلم دیکھنے کا صحیح لطف اٹھانے میں مصروف ہیں۔ وہ مقررہ ایام میں ایک سو چھبیس فلمیں دیکھ سکیں گے۔ اس کے بعد ایوارڈ کی تقسیم بھی ہو گی، برلینالے کے ایوارڈ گولڈن بیئر اور سلور بیئر کی صورت میں ہیں۔