1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانکو کی باقیات کو منتقل کر دیا جائے گا

21 اکتوبر 2019

ہسپانوی سپریم کورٹ کے حکم پر سابق ڈکٹیٹر فرانکو کی نعش کو کسی دوسرے مقام پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس وقت انتہائی دائیں بازو کے سابق ڈکٹیٹر کی نعش ایک قومی یادگار میں واقع مزار میں دفن ہے۔

https://p.dw.com/p/3ReqK
Spanien Valle de los Caidos
تصویر: Getty Images/AFP/O. del Pozo

ہسپانوی سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ فیصلہ دیا تھا کہ ملک کے سابق آمر فرانسسکو فرانکو کی نعش کو نکال کر کسی اور مقام پر منتقل کر دیا جائے۔ اب میڈرڈ حکومت نے اعلیٰ ترین عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومتی اعلان کے مطابق فرانکو کی باقیات کو قومی یادگار کے مقام پر واقع مزار میں سے چوبیس اکتوبر نکال لیا جائے گا۔

اس وقت فرانکو کا مزار وادیٴ فیان (Valley of the Fallen) میں واقع ہے۔ اس مقام پر ایک قومی یادگار تعمیر کی گئی تھی اور اسی میں بنائے گئے ایک مزار میں فرانکو کو دفن کیا گیا تھا۔ اس مقام سے فرانکو کی باقیات کو نکال کر ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے خاموشی کے ساتھ کسی غیر معروف مقام پر دفن کر دیا جائے گا۔

ہسپانوی حکومت کے وزیر انصاف ڈولوریس ڈیلگاڈو کے مطابق فرانکو کی باقیات کی دوبارہ تدفین کے موقع پر صرف قریبی رشتہ داروں کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈیلگاڈو بھی تدفین کے موقع پر موجود ہوں گے اور وہ باقیات کی دوبارہ تدفین کی تصدیق اپنے منصب یعنی حکومت کے نوٹری کمیشنز کے طور پر کریں گے۔

Francisco Franco
فرانکو اسپین میں سن 1939 سے لے کر سن 1975 تک برسراقتدار رہے تھےتصویر: AP

اس تدفین کے بعد سے اُس قدیمی مطالبے کا خاتمہ ہو جائے گا جو اُن ہسپانوی لوگوں نے کر رکھا، جن کے رشتہ دار فرانکو کے دور میں حکومتی جبر کا نشانہ بنے تھے۔ انہی لوگوں نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی تھی کہ فرانکو کے مزار کو ختم کیا جائے اور اُن کی باقیات کو کسی نامعلوم مقام پر دفن کیا جائے جیسے اُن کے لواحقین نامعلوم مقامات پر دفن کیے گئے تھے۔

اس عدالتی کارروائی میں ڈکٹیٹر فرانکو کا خاندان فریق تھا اور ان کا موقف تھا کہ نعش کو قومی یادگار میں ہی دفن رکھا جائے یا پھر اسے دارالحکومت میڈرڈ کے الموڈینا کیتھڈرل میں واقع خاندانی قبرستان میں دفن کرنے کی اجازت دی جائے۔ سپریم کورٹ میں یہ دونوں موقف تسلیم نہیں کیے گئے۔

فرانکو کے مزار کے مقام کا انتخاب ہسپانوی خانہ جنگی کے دوران مارے جانے والے فوجیوں کی یادگار میں کیا گیا تھا۔ اب موجودہ سوشلسٹ حکومت نے فرانکو کے مزار کی قومی یاد گار کو مفاہمت کے ملکی ادارے میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فرانکو اسپین میں سن 1939 سے لے کر سن 1975 تک برسراقتدار رہے تھے۔

ع ح/ ش ح (اے ایف پی، ڈی پی اے)

گیمز آف تھرونز کے حسین مقامات