1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی لیبر ڈے کے موقع پر محنت کشوں کی ریلیاں

عابد حسین1 مئی 2014

آج دنیا بھر میں شکاگو کے مزدورں کی یاد میں عالمی یوم محنت منایا جا رہا ہے۔ مختلف ملکوں میں مزدور یونینوں نے محنت کشوں کے حق میں ریلیاں نکالی۔ دنیا کے اسّی ملکوں میں پہلی مئی کو سرکاری تعطیل ہوتی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Bs0m
استنبول میں یوم مئی کی ریلیتصویر: Reuters

پہلی مئی کے موقع پر ترکی میں حکومتی سکیورٹی کے ساتھ لیبر ڈے کی ریلی کے شرکاء کی جھڑپ روایتی عمل بن چکی ہے۔ آج بھی استنبول کے تاریخی تقسیم چوک تک جانے والے جلوس کے شرکاء اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ شرکاء کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کا بھی استعمال کیا۔ یہ مظاہرین تقسیم چوک تک جانے کی کوشش میں تھے۔ ترکی میں پہلی مئی کی سرکاری تعطیل سن 2009 میں شروع کی گئی تھی۔ استنبول کا تقسیم چوک ترکی میں محنت کشوں کی تحریک کا استعارہ بھی ہے۔ اس چوک میں سن 1977میں ریلی کے شرکاء پر فائرنگ سے 34 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک لاکھ سے زائد ورکرز یا محنت کشوں نے ریڈ اسکوائر تک مارچ کیا۔ یہ سن 1991 میں سابقہ سوویت یونین کے تحلیل ہونے کے بعد پہلی مرتبہ ورکرز کا اتنا بڑا اجتماع تھا۔ مقامی مبصرین کے مطابق یوکرائن کے ساتھ پیدا شدہ تنازعے کے تناظر میں ماسکو میں ورکرز کی ریلی اصل میں روسی جذبہٴ حُب الوطنی کے اظہار کے طور پر ترتیب دی گئی تھی۔ ریلی میں ورکرز اپنے وطن سے محبت کے بڑے بڑے بینرز اٹھائے ہوئے تھے۔

Russland 1. Mai Proteste Demonstration Roter Platz
روسی دارالحکومت میں نکالی گئی ریلی کے شرکاءتصویر: Reuters

ملائیشیائی دارالحکومت کوالالمپور میں ہزاروں افراد نے پہلی مئی کی ریلی میں شرکت کرتے ہوئے حکومت کی نئی ٹیکس پالیسی کے خلاف احتجاج کیا۔ اس ریلی میں جہاں اپوزیشن لیڈر انور ابراہیم کی حمایت میں آواز بلند ہوئی وہاں لاپتہ قومی ایئر لائن کی پرواز MH370 کے معاملے میں نامناسب حکومتی اقدامات پر بھی تنقید کی گئی۔ جمعرات کی ریلی میں وزیراعظم نجیب رزاق کی حکومت کے خلاف عوامی عدم اطمینان پر بھی اپوزیشن لیڈروں نے اظہارِ خیال کیا۔ عرب دنیا کے ملک مراکش کی حکومت نے عالمی لیبر ڈے کے موقع پر کم از کم اجرتوں میں دس فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے۔ حکومتی ترجمان مصطفیٰ خلفی کے مطابق پانح فیصد اضافہ جولائی سے اور بقیہ پانچ فیصد رواں برس کے آخر میں کیا جائے گا۔

امریکا میں دارالحکومت واشنگٹن سمیت کئی شہروں میں عالمی یوم محنت کے موقع پر ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جرمن دارالحکومت میں بھی بائیں بازو کے حلقے لیبر ڈے کے موقع پر ریلی کو پلان کیے ہوئے ہیں۔ پولیس کو الرٹ رکھا گیا ہے۔ کمبوڈیا کے دارالحکومت نوم پنہ میں واقع فریڈم پارک میں فیکٹریوں کے مزدوروں نے اپنی ریلی میں اپوزیشن سیاسی جماعت نیشنل ریسکیو پارٹی کی حمایت میں نعرہ بازی کی۔ کمبوڈیا میں رواں برس جنوری سے جلسے جلوسوں پر پابندی عائد ہے۔ پولیس نے ریلی کے شرکا پر لاٹھی چارج بھی کیا۔ انڈونیشیا میں حکومت نے مزدور ریلیوں کو کنٹرول کرنے کے لیے 20 ہزار اضافی پولیس کی نفری متعین کی ہے۔ دارالحکومت جکارتہ میں پہلی مئی کی خصوصی تقریبات آج اور کل منعقد کی جا رہی ہیں۔ انڈونیشی مزدور اجرتوں میں اضافے، ٹرانسپورٹ کے بڑھتے کرایوں میں کمی اور جامع ہیلتھ انشورنس کے متنمنی ہیں۔ تھائی مزدوروں نے بھی اپنی ریلی میں ایسے ہی مطالبات کے حق میں آواز بلند کی۔