1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی شہرت یافتہ جرمن نژاد امریکی موسیقار پریوِین کا انتقال

1 مارچ 2019

عالمی شہرت یافتہ جرمن نژاد امریکی موسیقار آندرے پریوِین نواسی برس کی عمر میں نیو یارک میں انتقال کر گئے۔ کئی عشروں پر محیط اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں انہیں چار بار آسکر اور دس مرتبہ گریمی ایوارڈز بھی دیے گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/3EIu8
تصویر: picture-alliance/U. Flueeler

آندرے پریوِین 1929ء یا شاید 1930ء میں جرمن دارالحکومت برلن میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے اپنے فنی سفر کے دوران جاز میوزک سے لے کر اوپرا تک ہر سطح کی موسیقی میں کمال حاصل کیا اور ایک موسیقار کے طور پر انہیں دنیا کے بہترین آرکیسٹرا ہاؤسز کی سربراہی کا موقع بھی ملا تھا۔

Andre Previn Dirigent und Komponist und Exfrau Anne-Sophie Mutter
آندرے پریوِین اور ان کی سابقہ اہلیہ این سوفی مُٹر، 2004ء میںتصویر: picture-alliance/dpa

پریوِین ایک پیانو نواز بھی تھے، کمپوزر بھی اور ایک بے مثال میوزک ڈائریکٹر بھی۔ انہیں ہالی وُڈ کی مختلف فلموں میں ان کی موسیقی کے شعبے میں خدمات پر چار مرتبہ آسکر ایوارڈز بھی دیے گئے تھے۔ اس کے علاوہ انہیں دس مرتبہ گریمی ایوارڈ کا حقدار بھی ٹھہرایا گیا تھا۔

آندرے پریوِین نیو یارک میں مین ہیٹن کے علاقے میں رہتے تھے۔ ان کی مینیجر لِنڈا پیتریکووا نے بتایا کہ 89 برس کی عمر میں ان کا انتقال گھر پر ہوا۔ وہ اپنے کیریئر کے عروج کے برسوں میں برطانوی دارالحکومت لندن کے سمفنی آرکیسٹرا کے چیف میوزک ڈائریکٹر اور امریکا میں لاس اینجلس فِلہارمونی آرکیسٹرا کے میوزک ڈائریکٹر بھی رہے تھے۔

آندرے پریوِین بیسویں صدی کی تیسری دہائی میں اس دور کے جرمنی میں پیدا ہوئے تھے، جب ہٹلر کی قیادت میں نازی ابھی اقتدار میں نہیں آئے تھے۔

Anne-Sophie Mutter Andre Previn
آندرے پریوِین اور این سوفی مُٹر کی برسوں پہلے ایک میوزک اسٹوڈیو میں لی گئی ایک تصویرتصویر: Lilian Birnbaum/DG

ان کا تعلق ایک جرمن یہودی گھرانے سے تھا۔ ان کا خاندان انیس سو تیس کے عشرے میں نازی دور میں جرمنی سے فرانس کے راستے فرار ہو کر امریکا منتقل ہو گیا تھا۔

1938ء میں آندرے پریوِین کم عمری میں اپنے ایک بھائی اور والدین کے ہمراہ برلن سے پہلے پیرس گئے تھے، جہاں سے یہ خاندان امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس چلا گیا تھا۔

وہ لاس اینجلس میں ہی بڑے ہوئے تھے اور 1943ء میں، جب دوسری عالمی جنگ اپنے عروج پر تھی، انہیں امریکی شہریت بھی مل گئی تھی۔

یہ جرمن نژاد امریکی موسیقار اتنے باصلاحیت تھے کہ وہ ابھی ہائی اسکول میں ہی تھے کہ انہوں نے ہالی وُڈ کی فلموں کی موسیقی ترتیب دینا شروع کر دی تھی۔

انہیں ہالی وُڈ میں 13 مرتبہ آسکر ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا، جن میں سے چار بار انہیں یہ اعزاز مل بھی گیا تھا۔

1960ء کی دہائی کے وسط میں انہوں نے ہالی وُڈ کو خیر باد کہہ دیا تھا اور ایک کلاسیکل میوزک کنڈکٹر کے طور پر کیریئر شروع کر دیا تھا۔

اس کے بعد کے برسوں میں انہیں یورپ کے کئی ممالک اور امریکا میں بھی اعلیٰ ترین میوزیکل عہدوں پر کام کرنے کا موقع ملا۔

آندرے پریوِین نے پانچ مرتبہ شادی کی تھی اور ان کی بیویوں میں اداکارہ میا فیرو اور عالمی شہرت یافتہ وائلن نواز این سوفی مُٹر بھی شامل تھیں۔ انہوں نے ہالی وُڈ میں اپنے کیریئر کے سالوں کی یادداشتوں پر مشتمل No Minor Chords کے عنوان سے ایک کتاب بھی لکھی تھی۔

م م / ع ا / روئٹرز، اے پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں