1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عاجزی بہتر ہے: پوپ کو تحفے میں ملنے والی لامبورگینی نیلام

13 مئی 2018

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس اپنی عاجزی اور غریبوں کے لیے ہمدردی کی وجہ سے مشہور ہیں۔ اسی لیے انہوں نے بطور تحفہ دی گئی بہت مہنگی لامبورگینی گاڑی اپنے پاس رکھنے کے بجائے نیلام کرا دی ہے۔

https://p.dw.com/p/2xeSj
تصویر: picture-alliance/Maxppp/J.F. Ottonello

اطالوی دارالحکومت روم سے اتوار تیرہ مئی کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق پاپائے روم کو یہ بہت قیمتی تحفہ اٹلی کے بہت مہنگی سپورٹس کاریں تیار کرنے والے ادارے لامبورگینی نے گزشتہ برس نومبر میں دیا تھا۔ اس گاڑی کو پوپ کے حکم کے مطابق نیلام کر دیا گیا اور نیلامی موناکو میں کی گئی۔

’بچوں سے جنسی زیادتی‘: پوپ کے معتمد کارڈینل پر مقدمہ چلے گا

ويٹيکن کا سفارت کار چائلڈ پورنوگرافی رکھنے کی وجہ سے گرفتار

نتیجہ یہ نکلا کہ پاپائے روم کی ملکیت یہ گاڑی، جس پر خود پوپ نے اپنے دستخط بھی کر دیے تھے، سات لاکھ پندرہ ہزار یورو میں نیلام ہوئی۔ 580 ہارس پاور کے انجن والی یہ سفید رنگ کی سپورٹس کار ’ہوراکان آر ڈبلیو ڈی کُوپے‘ ماڈل کی لامبورگینی ہے، جو ماہرین کے اندازوں کے برعکس اپنی زیادہ سے زیادہ ممکنہ قیمت کے دوگنا سے بھی زیاد رقم کے عوض فروخت ہوئی۔ اسے ایک ایسے شخص نے خریدا، جس کی نیلام گھر کی طرف سے شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

Papst Franziskus mit Lamborghini
پوپ فرانسس گاڑی پر دستخط کرتے ہوئےتصویر: Reuters/Osservatore Romano

موناکو کے گریمالڈی فورم میں سوتھیبی نامی نیلام گھر کی طرف سے نیلام کردہ پاپائے روم کی اس گاڑی کے لیے بولی ڈیڑھ لاکھ یورو سے شروع ہوئی تھی۔ پھر دیکھتے ہی دیکھتے یہ قیمت نصف ملین یورو سے بھی زیادہ ہو گئی اور آخر کار یہ لگژری سپورٹس کار 715.000 یورو کی سب سے زیادہ بولی لگانے والے خریدار کو بیچ دی گئی۔

توہین مذہب کے پاکستانی قانون کے خلاف اٹلی میں احتجاجی مظاہرہ

مہاجرين کمزور ترين اور سب سے زيادہ ضرورت مند ہيں، پوپ فرانسس

اس گاڑی کو نیلام کرنے والے ادارے کے مطابق سات لاکھ یورو سے زائد کی اس رقم میں سے 70 فیصد یا پانچ لاکھ یورو سے زائد کی رقم شمالی عراق کے شہر موصل کی تعمیر نو میں مدد کے لیے مہیا کی جائے گی، جسے شدت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش نے اپنے قبضے کے دوران بری طرح تباہ کر دیا تھا۔

Harley Davidson Papst Franziskus
پوپ نے تحفے میں ملنے والی ایک ہارلے ڈیوڈسن موٹر سائیکل بھی نیلام کرا دی تھیتصویر: picture-alliance/dpa

نیلامی کی اس رقم کا باقی ماندہ مختلف حصوں میں ایسے فلاحی امدادی منصوبوں کے لیے عطیہ کر دیا جائے گا، جو وسطی افریقہ میں غریب مریضوں کو ادویات کی فراہمی یا پھر نادار انسانوں کی سماجی مدد کے لیے چلائے جا رہے ہیں۔

کرسمس کی خصوصی دعائيہ تقريب ميں مہاجرين کی مدد پر زور

پوپ نے بنگلہ دیش اور میانمار کا دورہ مکمل کر لیا

پاپائے روم کو تحفے کے طور پر دی گئی جو لامبورگینی آج نیلام کر دی گئی، وہ پوپ نے آج تک چلائی ہی نہیں۔ اس طرح یہ کار بالکل نئی اور غیر استعمال شدہ ہے۔ پوپ فرانسس عام طور پر ایک ایسی فورڈ فوکس نامی گاڑی استعمال کرتے ہیں، جو ویٹیکن سٹی کے سرکاری گاڑیوں کے قافلے کا حصہ ہے۔

پوپ فرانسس کے بارے میں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ان کے پاس فرانسیسی ساختہ ایک ایسی رینالٹ ’آر فور‘ طرز کی گاڑی بھی ہے، جس کا رنگ سفید ہے اور جو 1984ء ماڈل کی ایک کار یعنی 34 برس پرانی ہے۔

مظلوموں کی تکالیف نظر انداز نہ کی جائیں، پوپ کا ایسٹر پیغام

خدا کے وجود پر شبے سے پاپائے روم بھی مبرہ نہیں

ماضی میں پوپ فرانسس کو ایک بہت مہنگی ہارلے ڈیوڈسن موٹر سائیکل بھی تحفے میں پیش کی گئی تھی، وہ بھی انہوں نے نیلام کرا دی تھی اور نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم مختلف فلاحی امدادی منصوبوں کے لیے عطیہ کر دی گئی تھی۔

م م / ع ت / کے این اے