1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طويل ترين ’شٹ ڈاؤن‘ کے خاتمے کے ليے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجويز

20 جنوری 2019

امريکی تاريخ کے طويل ترين حکومتی ’شٹ ڈاؤن‘ کے خاتمے کے ليے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ايک پيشکش کی ہے، جسے ڈيموکريٹس نے فوراً ہی مسترد کر ديا۔ اس پيش رفت کے بعد امکان ہے کہ ’شٹ ڈاؤن‘ فی الحال ختم نہيں ہو رہا۔

https://p.dw.com/p/3BrDU
Präsident Trump Rede an die Nation
تصویر: picture-alliance/CNP/C. Barria

امريکی تاريخ کے طويل ترين حکومتی ’شٹ ڈاؤن‘ کے خاتمے کے ليے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پيشکش کی ہے کہ اگر ميکسيکو کی سرحد پر ديوار کی تعمير کے ليے کانگريس مطلوبہ فنڈنگ کی منظوری دے ديتی ہے تو وہ تقريباً ايک ملين تارکين وطن کی ملک بدری مؤخر کر سکتے ہيں۔ ٹرمپ نے يہ پيشکش وائٹ ہاؤس سے اپنے ايک بيان ميں ہفتے کے روز کی۔ امريکی صدر نے جو تجويز دی ہے، اس ميں دو اقسام کے تارکين وطن کی ملک بدری مؤخر کرنے کی بات کی گئی ہے۔ پہلی قسم ميں تقريباً سات لاکھ ايسے افراد شامل ہيں، جنہيں ’ڈريمرز‘ کہا جاتا ہے۔ يہ وہ لوگ ہيں، جن کے والدين غير قانونی طور پر امريکا پہنچے تھے۔ اور دوسرے تقريباً تين لاکھ ایسے افراد ہيں، جن کی عارضی پناہ کی مدت ختم ہونے والی ہے۔    

امريکی حکومت کی جزوی بندش، جس کے ليے ’شٹ ڈاؤن‘ کی استطلاع استعمال کی جا رہی ہے، کو اب انتيس دن ہو چکے ہيں اور يہ امريکی تاريخ کا طويل ترين ’شٹ ڈاؤن‘ ہے۔ امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مطالبہ ہے کہ تارکين وطن کی امريکا آمد روکنے کے ليے ميکسيکو کی سرحد پر ديوار تعمیر کرنے کے ليے کانگريس 5.7 بلين ڈالر کی منظوری دے، جس پر کانگريس آمادہ نہيں۔ رد عمل ميں ٹرمپ نے حکومت کی سرگرمياں محدود کر رکھی ہيں۔

تازہ پيشکش ميں ٹرمپ نے تارکين وطن کے ليے رعايت کے بدلے ديوار کے ليے فنڈنگ کی منظوری کا مطالبہ کيا ہے۔ تاہم ڈيموکريٹس نے ان کی اس پيکش کو فوری طور پر مسترد کر ديا۔ ڈيموکريٹس کے مطابق ٹرمپ تارکين وطن کے خلاف کريک ڈاؤن دائيں بازو کے اپنے حاميوں کی حمايت مزيد مستحکم کرنے کے ليے جاری رکھے ہوئے ہيں۔

دريں اثناء بائيس دسمبر سے جاری حکومت کی جزوی بندش سے متاثرہ تقريباً آٹھ لاکھ سرکاری ملازمين تنخواہوں سے محروم ہيں۔

ع س / ع آ، نيوز ايجنسياں