1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صدی کے آخر تک ہمالیہ کے دو تہائی گلیشیئرز پگھل جانے کا خطرہ

4 فروری 2019

رواں صدی کے آخر تک ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے میں واقع وسیع و عریض گلیشیئرز میں سے دو تہائی کے پگھل جانے کا خطرہ ہے۔ یہ بات سائنسدانوں نے اپنی ایک ایسی نئی رپورٹ میں کہی ہے، جو آج پیر چار فروری کو جاری کی گئی۔

https://p.dw.com/p/3Ch3A
نیپال میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹتصویر: Getty Images/AFP/R. Schmidt

نیپال میں، جہاں دنیا کی کئی بلند ترین پہاڑی چوٹیاں واقع ہیں، ملکی دارالحکومت کھٹمنڈو سے ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اس نئے لیکن بہت طویل سائنسی مطالعے کے مطابق ہمالیہ کے وسیع  و عریض گلیشیئرز میں سے دو تہائی کے سن اکیس سو تک پگھل جانے کا خدشہ ہے۔

ساتھ ہی اس مطالعاتی رپورٹ میں یہ تنبیہ بھی کی گئی ہے کہ اگر زمین کے درجہ حرارت میں اضافے کو محدود رکھنے سے متعلق پیرس کے عالمی ماحولیاتی معاہدے کے اہداف حاصل کر بھی لیے گئے، تو بھی ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے کے ایک تہائی گلیشیئرز ناپید ہو جائیں گے۔

پیرس کے عالمی ماحولیاتی معاہدے میں زمین کے درجہ حرارت میں اضافے کو زیادہ سے زیادہ صرف 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کو ہدف بنایا گیا ہے۔

یہ رپورٹ پیر چار فروری کو کھٹمنڈو میں قائم اس بین الاقوامی مرکز نے جاری کی، جو پہاڑی خطوں کی ترقی اور حفاظت کے لیے سرگرم ہے اور مختصراﹰ ICIMOD کہلاتا ہے۔

K2 Pakistan Berg Himalaja
قراقرم کے پہاڑی سلسلے کی پاکستان میں واقع بلند ترین چوٹی کے ٹوتصویر: picture-alliance/dpa/W. Daffue

نیپال دنیا کے ان آٹھ ممالک میں سے صف اول کا ملک ہے، جسے اپنے ہاں گلیشیئرز‍ کے پگھل جانے سے شدید ترین خطرات اور ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

 یہ نئی رپورٹ ہندوکش ہمالیہ (HKH) کے پہاڑی علاقے کے بارے میں تیار کی گئی ہے، جہاں مجموعی طور پر گلیشیئرز اتنے زیادہ اور بڑے ہیں کہ ان کی وجہ سے اس خطے کو قطب شمالی اور قطب جنوبی کے بعد دنیا کا ’تیسرا قطب‘ یا ’تھرڈ پول‘ بھی کہا جاتا ہے۔

اس خطے میں گلیشیئرز کے پگھلنے سے حاصل ہونے والا پانی قریبی پہاڑی علاقوں میں آباد 25 کروڑ (250 ملین) انسانوں اور مختلف ممالک میں ان پانیوں سے بننے والے دریاؤں کی وادیوں میں بسنے والے ایک ارب 65 کروڑ (1.65 بلین) انسانوں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہی گلیشیئرز کے پگھلنے کی وجہ سے دنیا کے دس انتہائی اہم دریائی نظاموں کو پانی ملتا ہے، جن میں دریائے گنگا، دریائے سندھ، دریائے زرد اور دریائے میکانگ جیسے بہت طویل دریائی نظام شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ دریائی نظام اتنے اہم ہیں کہ مجموعی طور پر اربوں انسان اپنے لیے خوراک، توانائی، صاف ہوا اور آمدنی کی خاطر براہ راست یا بالواسطہ طور پر انہی دریاؤں پر انحصار کرتے ہیں۔

اس خطے میں موجود دنیا کے بلند ترین پہاڑوں میں ماؤنٹ ایورسٹ اور کے ٹو بھی شامل ہیں اور ہندو کش ہمالیہ کے ان گلیشیئرز کے پگھل جانے سے اربوں انسانوں کی زندگی پر انتہائی تکلیف دہ ماحولیاتی اور اقتصادی اثرات مرتب ہوں گے۔

یہ رپورٹ 350 سے زائد ماہرین اور محققین نے، 185 تنظیموں اور 210 مصنفین کی مدد سے پانچ سال کے عرصے میں تیار کی، جس کا اس رپورٹ کے حتمی نتائج جاری کیے جانے سے قبل 125 غیر جانبدار مبصرین نے آزادانہ جائزہ بھی لیا۔

م م / ا ا / اے ایف پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں