1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صدر بنا تو سکیورٹی معاہدے پر دستخط کر دوں گا، اشرف غنی

ندیم گِل31 مئی 2014

افغانستان کے صدارتی اُمیدوار اشرف غنی نے کہا ہے کہ وہ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیاب رہے تو صدارت کا منصب سنبھالنے کے ایک ہفتے میں ہی امریکا کے ساتھ سکیورٹی معاہدے پر دستخط کر دیں گے۔

https://p.dw.com/p/1C9l4
تصویر: W.Kohsar/AFP/GettyImages

اشرف غنی نے جمعے کو افغانستان کے مغربی شہر ہرات سے اسکائپ کے ذریعے واشنگٹن میں اٹلانٹک کونسل تھنک ٹینک کے ایک اجتماع سے خطاب میں کہا: ’’میں اقتدار سنبھالنے کے ایک ہفتے کے اندر باہمی سکیورٹی کے معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے سنجیدہ ہوں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا: ’’اس کی وجہ یہ ہے کہ ہماری قومی سکیورٹی فورسز کو ہماری عالمی شراکت کے حوالے سے یقین دہانی درکار ہے، انہیں افرادی اور مادی وسائل کی بھی ضرورت ہے اور یہ سب اس باہمی سکیورٹی معاہدے کے نتیجے میں ہی حاصل ہو گا۔‘‘

ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر باراک اوباما نے اپنے ایک حالیہ بیان میں افغانستان میں تعینات اپنی افواج کی تعداد رواں برس کے آخر تک 32 ہزار سے نو ہزار دو سو کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ آئندہ برس کے آخر تک تمام فوجی واپس بلانے کا عزم بھی ظاہر کیا۔

Obama Überraschungsbesuch in Afghanistan 25.05.201
باراک اوباما نے ابھی حال ہی میں افغانستان کا ایک غیراعلانیہ دورہ کیا تھاتصویر: Reuters

امریکا کی قیادت میں افغانستان میں نیٹو کے اکاون ہزار فوجی تعینات ہیں جن کا انخلاء رواں برس دسمبر تک طے ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایک طویل اور مہنگی جنگ اپنے انجام کو پہنچ جائے گی جس کا مقصد ان عسکریت پسندوں کو شکست دینا تھا جنہوں نے اقتدار سے اپنی بے دخلی کے بعد شدت پسندانہ کارروائیوں کا آغاز کر دیا تھا۔

غیرملکی فورسز کے انخلاء کے بعد امریکی فوجیوں کی محدود تعداد افغانستان میں قیام کر سکتی ہے جن کا کام مقامی فورسز کی تربیت اور انسدادِ دہشت گردی کے مشن کو چلانا ہو گا۔ تاہم آئندہ برس فوجیوں کی اس محدود تعیناتی کا انحصار افغانستان اور امریکا کے درمیان سکیورٹی معاہدے پر ہے جس پر افغانستان کی جانب سے ابھی تک دستخط نہیں کیے گئے۔

اشرف غنی ورلڈ بینک کے سابق ماہر اقتصادیات ہیں۔ جمعے کو اپنے اس خطاب میں انہوں نے اس پہلو پر بھی بات کی کہ وہ اپنے ملک کو کس طرح معاشی خوش حالی کی راہ پر ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے بنیادی اصلاحات متعارف کروائیں گے۔

افغانستان میں صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ چودہ جون کو ہو گی۔ اس مرحلے میں اشرف غنی کو سابق وزیر خارجہ عبداللہ عبداللہ کا سامنا ہے۔

پانچ اپریل کو انتخابات کے پہلے مرحلے میں کوئی بھی امیدوار مقررہ اکثریت حاصل نہیں کر پایا تھا۔ عبداللہ عبداللہ کو 45 فیصد ووٹ ملے تھے جب کہ اشرف غنی نے 31.6 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے۔