1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شوماخر کو ہسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا

عاطف بلوچ10 ستمبر 2014

فارمولا ون کار ریسنگ کے سابق چیمپئن میشائل شوماخر کو ہسپتال سے ڈسچارج کرنے بعد ان کے گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔ نو ماہ قبل وہ اسکیئنگ کے ایک حادثے میں شدید زخمی ہو گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/1D9Xp
تصویر: picture-alliance/dpa/D. Azubel

فارمولا ون ریسنگ میں سات مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرنے والے جرمن ڈرائیور میشائل شوماخر کی منیجر زابینے کیہم نے تصدیق کی ہے کہ انہیں منگل کے دن سوئٹزرلینڈ کے شہر لُوزان میں واقع ایک ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ شوماخر کو مکمل بحالی کے لیے ابھی طویل وقت درکار ہو گا۔

نیوز ایجنسی اے ایف پی نے کیہم کے حوالے سے بتایا کہ اگرچہ شوماخر کو سوئس شہر گلینڈ میں واقع ان کے گھر پہنچا دیا گیا ہے لیکن ان کی مکمل صحتیابی سے متعلق مشکل مراحل ختم نہیں ہوئے ہیں۔ 45 سالہ لیجنڈ سابق ڈرائیور شوماخر 29 دسمبر 2013 کو حادثے کا شکار ہوئے تھے۔ ان کے سر پر لگنے والی ایک چوٹ کی وجہ سے ان کے دماغ میں خون جم گیا تھا، جسے ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے دو آپریشنوں کے بعد نکال لیا تھا۔ یوں وہ انتہائی تشویشناک صورتحال سے باہر نکال لیے گئے تھے۔

Porträt - Michael Schumacher
45 سالہ لیجنڈ سابق ڈرائیور شوماخر 29 دسمبر 2013 کو حادثے کا شکار ہوئے تھےتصویر: Getty Images/C. Mason

اس ابتدائی علاج کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں مصنوعی طور پر کومے کی حالت میں رکھا تھا تاکہ ان کے دماغ کی شوزش میں کمی آئے اور وہ تندرستی کی طرف بڑھ سکیں۔ دسمبر میں رونما ہونے والے اس حادثے کے بعد سولہ جون کو پہلی مرتبہ شوماخر کو اس ’مصنوعی کومے‘ کی حالت سے باہر لایا گیا تھا۔ وہ جون سے لُوزان کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ اس سے قبل انہوں نے تقریبا نصف برس فرانس کے ایک ہسپتال میں گزارا تھا۔

منگل کے دن ہسپتال سے فارغ کیے جانے کے بعد شوماخر کی منیجمنٹ ٹیم نے اس طبی مرکز میں ان کا علاج کرنے والی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دوران علاج شوماخر کو بہترین ٹریٹمنٹ دیا گیا۔ اس ٹیم نے یہ بھی کہا کہ شوماخر کی صحت سے متعلق امور اور کنبے کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔ اس بیان میں میڈیا سے بھی درخواست کی گئی کہ وہ شوماخر کی تندرستی کے حوالے سے قیاس آرائیاں مت کرے۔

1991ء میں فارمولا ون ریسنگ میں قدم رکھنے والے جرمن ڈرائیور نے اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر91 ریسوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ سات مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ انہوں نے فیراری ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے مسلسل پانچ مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کرنے کا ریکارڈ بھی بنایا۔

پہلی مرتبہ شوماخر نے2006ء میں 37 برس کی عمر میں کار ریسنگ سے ریٹارمنٹ اختیار کی لیکن اپنے شوق و جذبے کی وجہ سے انہوں نے 2010ء میں واپسی کا ارادہ کیا۔ تاہم کوئی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھانے کے باعث دو برس بعد انہوں نے کار ریسنگ کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دیا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید