1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمسی نظاموں میں جھانکنے والی خلائی دوربین Hubble

1 نومبر 2006

عالمی کائنات میں بہت دور واقع شمسی نظاموں میں جھانکنے والی خلائی دوربین Hubble سن 1990ء سے زمین سے تقریباً 600 کلومیٹر کی دوری پر مدار میں گردِش کر رہی ہے۔ گذرے سولہ برسوں میں اس دوربین نے ساڑھے سات لاکھ سے زیادہ ہنگامہ خیز تصاویر زمین پر ارسال کی ہیں، جن کا تجزیہ کرنے پر تقریباً سات ہزار سائنسدان مامور ہیں۔

https://p.dw.com/p/DYIL
تصویر: NASA

اب اِس دوربین کی کچھ بیٹریاں اور پرزے پرانے ہو چکے ہیں اور اگر اِنہیں جلد تبدیل نہ کیا گیا اور ضروری مرمت نہ کی گئی تو سن 2008ء کے بعد سے یہ دوربین مزید کام نہیں کر سکے گی۔ تاہم تازہ خبر یہ ہے کہ خلائی سفر کے ا مریکی ادارے ناسا نے زیادہ سے زیادہ مئی سن 2008 ء تک خلائی جہاز Discovery کو خلاء میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اِس جہاز کے سات خلا باز اپنے گیارہ روز کے مشن کے دوران Hubble کی مرمت اور تجدید کے بعد اُسے اس قابل بنا دیں گے کہ یہ دوربین کم از کم سن 2013ء بلکہ سن 2018ء تک بھی زمین سے دور کہکشاؤں کی ہنگامہ خیز تصاویر زمین پر بھیج سکے گی۔

Hubble کی مرمت کے لئے خلائی مشن ابتدائی طور پر سن 2005ء میں روانہ کرنے کا پروگرام بنایا گیا تھا۔ تاہم 2003ء میں خلائی جہاز کولمبیا کی تباہی اور اُس پر موجود تمام سات خلا بازوں کی موت کے بعد یہ مشن منسوخ کر دیا گیا تھا۔

اب یکے بعد دیگرے خلائی جہازوں کی کئی کامیاب پروازوں سے ناسا کو اتنی خود اعتمادی ملی ہے کہ اُس نے Hubble مشن کو بھی عملی شکل دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔