1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شراب کی بوتلوں پر سعودی پرچم، تنازعہ کھڑا ہو گیا

12 مئی 2018

جرمنی کے شہر منہائیم کی شراب بنانے والی ایک کمپنی نے بئیر کی یہ بوتلیں خاص طور پر فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے تیار کی تھیں۔ لیکن مسلمانوں کے احتجاج کے بعد اس کمپنی نے فوری طور پر معافی مانگ لی ہے۔

https://p.dw.com/p/2xZNY
Screenshot welt.de
تصویر: welt.de

جرمنی کی شراب بنانے والی ایک کمپنی نے فٹ بال ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی تمام 32 ٹیموں کے پرچم بئیر کی بوتلوں پر پرنٹ کیے تھے لیکن سعودی عرب کے پرچم کے حوالے سے اس ادارے کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس کمپنی کے خلاف شکایات درج کروانے والے افراد کا کہنا تھا کہ اس طرح اسلام اور شراب کو آپس میں منسلک کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

 آئش باؤم کمپنی کی طرف سے جمعے کے روز ایک معافی نامہ جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی یہ اشتہاری مہم ختم کر دی ہے اور بتیس ممالک کے پرچموں والی بئیر کی بوتلوں کی تقسیم بھی روک دی گئی ہے۔

کمپنی کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ان کے اس اقدام کا مطلب کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔ یہ کمپنی ایسا گزشتہ کئی برسوں سے کر رہی ہے کہ بئیر کی بوتلوں کے ڈھکنوں پر فٹبال ورلڈ کپ میں شامل ممالک کے پرچم چھاپے جاتے ہیں لیکن سن دو ہزار چھ کے بعد ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ سعودی عرب بھی اس مرحلے تک پہنچا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس مرتبہ سعودی عرب کا پرچم بھی پرنٹ کیا گیا تھا لیکن کمپنی اس کے مذہبی اور ثقافتی پس منظر سے آگاہ نہیں تھی۔

اس کمپنی کی طرف سے فیس بک پر جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق، ’’سعودی عرب کے پرچم کے حوالے سے جاری بحث آزادی اظہار رائے کی حدود سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ پولیس کے ساتھ مشورے کے بعد ایسی بوتلوں کی مزید پیداوار روک دی گئی ہے تاکہ مزید ایسا جارحانہ عمل نہ ہو۔‘‘

ا ا / ع ب