1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شاہی محل کے قریب پرواز کرنے والا ڈرون مار گرایا، سعودی پولیس

22 اپریل 2018

سعودی پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت ریاض میں گزشتہ رات شاہی محل کے قریب بلا اجازت پرواز کرنے والے ایک کھلونا ڈرون کو مار گرایا گیا۔ اس ڈرون کے محل کے قریب آنے کے بعد بھاری فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔

https://p.dw.com/p/2wSks
Polizisten in Riad Saudi-Arabien
تصویر: Fayez Nureldine/AFP/Getty Images

شاہی محل کے نزدیک فائرنگ کی اطلاعات کے بعد فوجی بغاوت کی افواہیں گردش کرنے لگی تھیں۔ سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ریاض میں خزیمہ کے مقام پر ایک کھلونا ڈرون کو اڑتے ہوئے دیکھ کر پولیس نے اسے مار گرایا۔ سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق واقعے کی تحقیق کی جا رہی ہے۔

گزشتہ رات ریاض میں شاہی محل کے قریب اس ڈرون کی پرواز کی آن لائن ویڈیوز منظر عام پر آنے کے بعد سعودی سرکاری میڈیا میں بھی یہی بتایا جا رہا ہے کہ خزیمہ کے علاقے میں پولیس نے اس ڈرون کو تباہ کر دیا ہے۔

سعودی عرب میں ڈرون سے متعلق خوف و خدشات بے بنیاد نہیں ہیں۔ یمن میں شیعہ حوثی باغیوں اور اُن کے اتحادیوں نے سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد کے خلاف بم بردار ڈرونز کا استعمال کیا ہے۔

سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد اور ہتھیاروں کا تجزیہ کرنے والے ماہرین کے مطابق ایسے ثبوت ملتے ہیں کہ یمن میں باغیوں کو ڈرونز، ہلکی نوعیت کا اسلحہ اور میزائل ٹیکنالوجی ایران کی طرف سے فراہم کی جا رہی ہے۔ ایران اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے امریکا پر سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد کو بڑے پیمانے پر اسلحہ فراہم کرنے کا الزام عائد کرتا ہے۔

ص ح/ اے پی