1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیاست عوامیت پسند، کھانے ’شاہ پسند‘: اب رقم واپس لی جائے گی

3 جولائی 2018

یورپی پارلیمان میں دائیں بازو کی عوامیت پسند سیاسی جماعتوں کے حزب کے ارکان نے عوامی ٹیکسوں کی رقوم سے انتہائی ’پرتعیش کھانے‘ کھائے۔ انہوں نے کرسمس کے ایک ایک تحفے پر سو سو یورو اور ڈنر پر چار سو یورو فی کس تک خرچ کیے۔

https://p.dw.com/p/30k6O
Deutschland Gedeckter Tisch für das Dinner
تصویر: Imago

یورپی پارلیمان میں مختلف ممالک کی انتہائی دائیں بازو کی عوامیت پسند سیاسی جماعتوں کے ’یورپ آف نیشنز اینڈ فریڈم‘ (ای این ایف) نامی دھڑے کے ارکان نے عوام کے ادا کردہ ٹیکسوں کی رقوم سے اپنے لیے انتہائی ’پرتعیش ضیافتوں‘ کا اہتمام کیا تھا۔ ای این ایف کے زیادہ تر ارکان کا تعلق فرانسیسی سیاسی جماعت نیشنل فرنٹ سے ہے تاہم اس دھڑے میں جرمنی، اٹلی، ہالینڈ اور برطانیہ سمیت یورپی یونین کے کئی دیگر رکن ممالک کی پاپولسٹ سیاسی پارٹیوں کے ارکان بھی شامل ہیں۔

یورپی پارلیمان کے اسپیکر انتونیو تیجانی نے ای این ایف سے تعلق رکھنے والے 35 ارکان پارلیمان کو حکم دیا ہے کہ وہ ضوابط کے خلاف ایسے پرتعیش کھانوں اور قیمتی تحائف پر خرچ کی گئی رقوم میں سے نصف ملین یورو سے زائد کی رقوم واپس کریں۔

یورپی پارلیمان میں اخراجات کے آڈٹ کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کہ ای این ایف کے 35 ارکان نے سن 2016 کے دوران قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چار لاکھ 78 ہزار یورو اضافی خرچہ کیا تھا۔

تب کرسمس کے موقع پر ان عوامیت پسندوں نے پیرس کے ایک ریستوران میں ایک سو چالیس افراد کے لیے ڈنر کا اہتمام کیا تھا، جس پر ساڑھے 13 ہزار یورو خرچ کیے گئے تھے۔ اسی طرح کرسمس کے لیے ایک  سو دس تحائف خریدے گئے اور فی تحفہ ایک سو یورو خرچ کیے گئے۔ علاوہ ازیں انہی رقوم سے شیمپین کی 230 بوتلیں بھی خریدی گئی تھیں۔

اس کے علاوہ فرانس کی نیشنل فرنٹ کی رہنما مارین لے پین اور موجودہ اطالوی وزیر داخلہ ماتیو سالوینی نے پیرس کے ایک ریستوران میں جو کھانا کھایا، اس کا فی کس بل بھی 401 یورو بنا تھا۔

یورپی پارلیمان میں دائیں  بازو کی عوامیت پسند جماعتوں کے اس پارلیمانی دھڑے کو رواں برس کے بجٹ سے سوا تین ملین یورو دیے جانا ہیں۔ تاہم یورپی پارلیمان کی انتظامیہ نے اس دھڑے سے اس کے ذمے واجب الادا رقوم کی وصولی کو یقینی بنانے کے لیے اب تک اس کے بجٹ سے قریب چھ لاکھ یورو کی ادائیگی روک رکھی ہے۔

مارین لے پین کی جماعت نیشنل فرنٹ کے ارکان کو سن 2017 میں بھی ایک علیحدہ آڈٹ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تب بھی ان منتخب ارکان پر الزام تھا کہ انہوں نے پارلیمانی وسائل اور بجٹ کا ناجائز استعمال کیا تھا۔

ش ح/ م م (اے ایف پی، ڈی پی اے، ای پی ڈی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں