1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سچن تندولکر چالیس برس کے ہو گئے

24 اپریل 2013

دنیائے کرکٹ کے اسٹار بلے باز سچن تندولکر چالیس برس کے ہو گئے ہیں۔ لٹل ماسٹر کا خطاب پانے والے تندولکر نے بدھ کے دن اپنی سالگرہ اپنے مداحوں کے ساتھ ممبئی میں منائی۔

https://p.dw.com/p/18MkE
تصویر: dapd

کرکٹ میں بلے بازی کے شعبے میں زیادہ تر ریکارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہونے والے سچن تندولکر کی سالگرہ کے دن بھارت بھر میں خوشیاں منائی گئیں۔ ان کے مداحوں نے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا۔ تندولکر نے گزشتہ برس ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا تاہم وہ اب بھی ٹیسٹ میچوں کے لیے دستیاب ہیں۔

Sachin Tendulkar Kricket Indien
تندولکرنے بین الاقوامی کرکٹ میں چونتیس ہزار سے زائد رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل کر رکھا ہےتصویر: AP

بھارت کے تمام ہی بڑے اخباروں نے بدھ کے دن اپنے اسپورٹس کے صفحات پر سچن تندولکر کو نمایاں جگہ دی۔ ان کے کیریئر کے بارے میں تفصیلات بیان کی گئیں جبکہ لٹل ماسٹر کے بارے میں نامور سابق کھلاڑیوں کی طرف سے لکھے گئے آرٹیکلز بھی شائع کیے گئے۔

تندولکر کی چالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے بھارتی ٹیلی وژن چینلز نے بھی خصوصی پروگرامز نشر کیے۔ تندولکر نے 1989ء میں سولہ برس کی عمر میں پہلی مرتبہ پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا تھا۔ انہوں نے گزشتہ برس بنگلہ دیش میں ایشیا کپ کے ایک میچ میں 100 سنچریاں بنانے کا منفرد ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے ٹیسٹ میچوں میں اکاون جبکہ ایک روزہ میچوں میں انچاس سنچریاں بنائی ہیں۔

سچن تندولکر نے بین الاقوامی کرکٹ میں چونتیس ہزار سے زائد رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل کر رکھا ہے۔ ابھی تک کسی کھلاڑی نے بھی اتنے رنز نہیں بنائے ہیں۔ تندولکر نے 2010ء میں گوالیار میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے ایک ون ڈے میچ میں 200 رنز بنانے کا ریکارڈ بھی قائم کیا تھا۔ ون ڈے میچ میں یہ کسی بھی کھلاڑی کی پہلی ڈبل سنچری تھی۔

سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کھلاڑی اور بھارتی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ گریگ چیپل نے تندولکر کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیائے کرکٹ میں انہوں نے ایک سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

بھارتی اخبار 'دی ہندو' میں شائع ہونے والے ایک آرٹیکل میں چیپل نے لکھا ہے کہ اس عمر میں پہنچ کر بھی اس طرح کی کارکردگی شاید اب تک کوئی بھی کھلاڑی نہیں دیکھا سکا ہے، بالخصوص جب انہوں نے اپنا کیریئر سولہ برس کی عمر میں شروع کیا ہو۔''

کرکٹ ناقدین تندولکر کا مقابلہ دنیائے کرکٹ کے عظیم ترین کھلاڑی ڈان بریڈ مین سے کرتے ہیں تاہم چیپل کے بقول آسٹریلوی کھلاڑی بریڈ مین کے مقابلے میں تندولکر نے اپنے کیریئر میں زیادہ دباؤ کا سامنا کیا ہے۔

بھارتی سابق کپتان کپیل دیو نے تندولکر کا پہلا میچ یاد کرتے ہوئے کہا، '' میرے لیے وہ ایک بچے کی طرح تھا۔'' ٹائمز آف انڈیا میں شائع ہونے والے ایک آرٹیکل میں کیپل دیو نے لکھا، ''میرا خیال ہے کہ اُس وقت وہ دسویں جماعت کا بچہ تھا۔ لیکن جس بات نے مجھے بے حد متاثر کیا وہ یہ تھی کہ اسے اپنی قابلتیوں پر مکمل بھروسہ تھا۔''

Sachin Tendulkar Archivbild
تندولکر کی چالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے بھارتی ٹیلی وژن چینلز نے بھی خصوصی پروگرامز نشر کیےتصویر: Reuters

بھارت کی نمائندگی کرنے والے سابق لیگ سپنر بشن سنگھ بیدی نے بھی تندولکر کو سالگرہ کا مبارکبادی پیغام ارسال کیا۔ انہوں نےکہا ہے کہ بھارت میں ایک دیوتا جیسا مرتبہ رکھنے والے تندولکر اپنے طویل کیریئر میں کسی تنازعہ کا حصہ نہیں بنے اور یہ بھی ان کا ایک کمال ہے۔ بدھ کے دن 'دی ہندو' میں شائع ہونے والے اپنے ایک آرٹیکل میں بیدی نے مزید کہا کہ اس قدر طویل کیریئر میں کسی ذاتی تنازعہ کا شکار نہ ہونا کوئی معمولی بات نہیں ہے۔

ادھر دنیائے کرکٹ کے دیگر متعدد کھلاڑیوں نے بھی تندولکر کو سالگرہ مبارک کے پیغامات ارسال کیے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے سابق ٹیسٹ کپتان برائن لارا نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا، ''پیارے ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر کو چالیسویں سالگرہ مبارک ہو۔'' اسی طرح یوراج سنگھ اور ویراٹ کوہلی کی طرح دیگر کھلاڑیوں نے بھی تندولکر کے نام مبارکبادی پیغام روانہ کیے ہیں۔

(ab/ah(AP