1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سنکیانگ کے مسلمانوں پر ’رحم بالکل نہیں‘: چینی حکومتی کاغذات

17 نومبر 2019

چینی حکومت کی سرکاری دستاویزات کے افشاء کے ایک بڑے واقعے میں سنکیانگ میں ایغور مسلم اقلیت کے خلاف سکیورٹی کریک ڈاؤن کی نئی حیران کن تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ ان دستاویزات میں ’بالکل کوئی رحم نہ کھانے‘ کا حکم دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3TB4i
تصویر: picture-alliance/dpa/D. Azubel

چینی دارالحکومت بیجنگ سے اتوار 17 نومبر کو موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق امریکی جریدے نیو یارک ٹائمز نے لکھا ہے کہ چین میں ملکی حکومت کی سرکاری دستاویزات کے افشاء کا یہ اتنا بڑا واقعہ ہے، جس کی ماضی میں شاید ہی کوئی مثال ملتی ہو۔ ان دستاویزات کے مطابق ملکی صدر شی جن پنگ نے ریاستی اہلکاروں کو یہ حکم دیا کہ وہ صوبے سنکیانگ میں مسلمانوں پر سکیورٹی کریک ڈاؤن کے دوران علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کے خلاف 'قطعاﹰ کوئی رحم نہ کھائیں‘۔

انسانی حقوق کی کئی تنظیموں اور بہت سے غیر ملکی ماہرین کا کہنا ہے کہ چینی حکومت نے ملک کے انتہائی مغرب میں واقع خطے سنکیانگ میں ایغور نسل کے باشندوں اور دیگر مسلم اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے ایک ملین سے زائد شہریوں کو ایسے حراستی مراکز میں بند کر رکھا ہے، جنہیں سرکاری طور پر 'تربیتی مراکز‘ کہا جاتا ہے۔

یہ سرکاری دستاویزات مجموعی طور پر 403 صفحات پر مشتمل ہیں، جو نیو یارک ٹائمز کے ہاتھ لگ گئیں۔ ان کاغذات سے پہلی مرتبہ یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ چین میں حکمران کمیونسٹ پارٹی کی اس بہت خفیہ رکھے گئے لیکن بہت متنازعہ کریک ڈاؤن کے بارے میں اصل سوچ کیا ہے۔

بیجنگ حکومت کے سنکیانگ میں انہی اقدامات پر بین الاقوامی سطح پر، خاص طور پر امریکا کی طرف سے بھی شدید تنقید کی جا چکی ہے۔

ان دستاویزات سے یہ پتہ بھی چلتا ہے کہ اس کریک ڈاؤن کے دوران حکمران کمیونسٹ پارٹی میں داخلی سطح پر اختلاف رائے بھی موجود تھا۔ نیو یارک ٹائمز نے موجودہ ویک اینڈ پر اس بارے میں شائع کردہ اپنی ایک جامع رپورٹ میں لکھا ہے کہ ان سرکاری دستاویزات میں چینی صدر کی وہ تقاریر بھی شامل ہیں، جن کی تفصیلات آج تک کہیں شائع نہیں ہوئیں۔ اس کے علاوہ ان میں وہ سرکاری احکامات اور نگرانی سے متعلق کئی دیگر رپورٹیں بھی شامل ہیں، جن میں ایغور مسلم اقلیتی آبادی کو کنٹرول کرنے کی بات کی گئی ہے۔

China Kashgarin Patrouillie uigurischer Sicherheitskräfte in der Nähe der Id Kah-Moschee Region Xinjiang
تصویر: picture-alliance/AP/Ng Han Guan

نیو یارک ٹائمز کے مطابق یہ خفیہ سرکاری دستاویزات چینی سیاسی انتظامیہ کے ایک ایسے رکن کی وجہ سے منظر عام پر آئی ہیں، جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، لیکن جس نے اپنے اس اقدام کے ساتھ یہ امید ظاہر کی ہے کہ شاید اس افشاء کے بعد صدر شی جن پنگ سمیت چینی سیاسی قیادت کو 'عوامی سطح پر وسیع تر گرفتاریوں کے اس سلسلے کے لیے جواب دہ ہونے سے فرار‘ کا راستہ نہ مل سکے۔

چینی صوبے سنکیانگ میں مسلم اقلیتی آبادی کی 'ذہنی اور سماجی تربیت‘ کے نام پر قائم کیے جانے والے حراستی مراکز کا سلسلہ 2016ء میں اس وقت بہت زیادہ پھیل گیا تھا، جب بیجنگ حکومت نے سنکیانگ میں چَین چوآن گُو نامی اہلکار کو کمیونسٹ پارٹی کا نیا علاقائی سربراہ مقرر کیا تھا۔

ان دستاویزات کے مطابق سنکیانگ اور وہاں کی مسلم آبادی سے متعلق بیجنگ حکومت کی پالیسی پر مقامی سطح پر عمل درآمد کے حوالے سے کوئی مزاحمت نہیں پائی جاتی کیونکہ اس حکمت عملی سے اختلاف کرنے والے علاقائی حکام کو بھی خدشہ ہے کہ اگر انہوں نے بیجنگ کی ہاں میں ہاں نہ ملائی، تو خود انہیں بھی اپنے خلاف کارروائی اور سزاؤں تک کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

م م / ع س (اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں