1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سمندر پر دنیا کا سب سے طویل پُل مکمل

23 اکتوبر 2018

چینی حکومت نے ہانگ کانگ کو مرکزی سرزمین کے ساتھ جوڑنے والے پل کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس پل کا افتتاح چین کے صدر شی جن پنگ نے کیا۔

https://p.dw.com/p/36za7
China Eröffnung Hongkong-Zhuhai-Macau-Brücke
تصویر: picture-alliance/dpa/MAXPPP

چین کی مرکزی سرزمین کو خصوصی اختیارات کے حامل چینی علاقے ہانگ کانگ کے ساتھ ایک پُل کے راستے جوڑ دیا گیا ہے۔ پل کی تکمیل سے چین سے ہانگ کانگ کا سفر صرف تیس منٹ کا رہ گیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں چینی صدر شی جن پنگ کے ہمراہ میکاؤ اور ہانگا کے انتظامی سربراہان بھی شریک ہوئے۔ افتتاح کے موقع پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

یہ دنیا میں سمندر پر بنایا گیا سب سے طویل پُل ہے۔ ہانگ کانگ اور میکاؤ کو چینی شہر ژوہائی سے اس پُل کے ساتھ مِلایا گیا ہے۔ میکاؤ اور ژوہائی پہلے سے ایک لوٹس برج کے ذریعے منسلک ہیں۔ اس پل کی لمبائی پچپن کلومیٹر ہے۔ بیس بلین امریکی ڈالر کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس پل کو تقریباً دس برسوں میں مکمل کیا گیا۔

میکاؤ کا جزیرہ بھی ژوہائی شہر کے سامنے واقع ہے۔ بحری جہازوں کے گزرنے کے لیے اس پُل کو دریائے پرل کے ڈیلٹا کے قریب زیر سمندر سرنگ سے بھی منسلک کیا گیا۔ اس پل کا افتتاح چین اور ہانگ کانگ کے درمیان ریلوے لنک کے قائم ہونے کے تقریباً ایک ماہ بعد کیا گیا ہے۔ ہانگ کانگ کے لیے چینی ریلوے کا ٹریک ایک اور راستے پر بچھایا گیا ہے۔

China Eröffnung Hongkong-Zhuhai-Macau-Brücke
چینی صدر ہانگ کانگ اور میکاؤ کے انتظامی سربرہان کے ہمراہتصویر: Reuters/Aly Song

خیال کیا گیا ہے کہ اس پل کی تعمیر سے ہانگ کانگ اور ژوہائی میں اقتصادی سرگرمیوں کو تقویت حاصل ہو گی۔ ہانگ کانگ کی ایک جمہوریت نواز خاتون سیاستدان کلاؤڈیا مو کا کہنا ہے کہ اس پل کی سیاسی اہمیت اس کی اقتصادی وقعت سے زیادہ ہے۔ مو کے مطابق ہانگ کانگ پہلے سے چین کی مرکزی سرزمین کے ساتھ ریلوے، سمندر اور ہوائی رابطوں سے جڑا ہوا ہے لیکن اس پل کے قیام سے بیجنگ حکومت نے ہانگ کانگ کے عوام کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ اب اپنی مادروطن سے منسلک ہو گئے ہیں۔

یہ بھی اہم ہے کہ ژوہائی شہر کے کاروباری و تجارتی حلقے اس پل کی تکمیل کے حوالے سے اقتصادی ثمرات پر توجہ زیادہ مرکوز ہے۔ اِس چینی بندرگاہی شہر کو سیاحوں کا پسندیدہ مقام بھی قرار دیا جاتا ہے۔ اس کو یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ چین میں اس شہر کو رہائش اختیار کرنے کے لیے سب سے بہترین شہر قرار دیا جاتا ہے۔