ساتواں ورلڈ یوگا ڈے2021
کورونا کی وبا کے دوران 21 جون کو دنیا بھر میں یوگا کا عالمی ڈے منایا گیا۔ بھارت سرکار کا کہنا تھاکہ زمین سے آسمان تک اور سمندر سے پہاڑوں تک، لوگوں نے یوگا کی مشقیں کیں۔
دنیا بھر میں انعقاد
یوگا کے عالمی دن کے موقع پر21جون کو دنیا بھر میں یوگا کی تقریبات منعقد کی گئیں۔ یہ تصویر امریکا کے ٹائمز اسکوائر کی ہے۔ جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے یوگا کی مشقیں کیں۔
کووڈ کے خلاف تحفظاتی ڈھال
بھارتی وزیر اعظم نریندر موودی نے یوگا کو کورونا وائرس کے خلاف تحفظاتی ڈھال قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں اور مریضوں، دونوں نے اس سے استفادہ کیا۔ یہ علاج کے ساتھ صحت مندی پر زور دیتا ہے۔
تندرستی کے لیے یوگا
اس سال کے یوگا کا موضوع تھا، ’تندرستی کے لیے یوگا‘۔ وزیر اعظم مودی کا کہنا تھا کہ کووڈ وبا کے دوران یوگا نے لوگوں میں امید کی ایک نئی کرن پیدا کی ہے۔
یوگا کیا ہے؟
یوگا بھارت کی قدیم ترین زبان سنسکرت کا لفظ ہے۔ جس کا مطلب ہے ملن یا اتصال۔ یوگا کو جسم اور روح کے اتصال کی علامت قرار دیا جاتا ہے۔
صحت کے لیے مفید
جدید ماہرین یوگا کو جسمانی طورپر چاق و چوبند رہنے کے لیے ایک بہتر ورزش قرار دیتے ہیں۔ اس کی ابتدا دوسری سے پانچویں صدی قبل مسیح کے درمیان بتائی جاتی ہے۔
بھارت کی شناخت
آگرہ کے تاج محل کی طرح یوگا بھی آج دنیا بھر میں بھارت کی پہچان بن چکا ہے۔ بھارت نے اس کے فروغ کے لیے ایک خصوصی وزارت بھی قائم کی ہے۔
ہندو مت کا احیا؟
ایک حلقہ یوگا کو ہندو مت کے احیاء کی کوشش قرار دیتا ہے۔ اس کی بیشتر مشقیں اور بالخصوص سب سے پہلے کی جانے والی ’سوریہ آسن‘ (سورج کی طرف منہ کرکے مشق) کو ہندوؤں کی مذہبی رسوم سے جوڑ کر دیکھا جاتا ہے۔
ہندو رسوم نافذ کرنے کی چال؟
بھارت میں متعدد مسلم تنظیموں کا کہنا ہے کہ یوگا دراصل تمام غیر ہندووں پر حکمراں ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی کی ہندو رسوم و رواج نافذ کرنے کی چال ہے۔
روحانیت یا مادیت؟
یوگا کے قدامت پسند ماہرین اسے جدیدیت کے رنگ میں رنگنے کے خلاف ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جدیدیت نے یوگا کے آفاقی رنگ کو میلا کردیا ہے اور مادہ پرستی کے راستے سے روحانیت کی منزل طے نہیں کی جا سکتی۔
مودی کا کارنامہ
یوگا کو عالمی سطح پر مقبول بنانے کا سہرا بڑی حد تک وزیر اعظم نریندر مودی کے سر جاتا ہے۔ ان کی کوششوں سے سن 2014 میں اقوام متحدہ نے 21 جون کو یوگا کا عالمی دن قرار دیا تھا۔ پہلا یوگا ڈے 21 جون 2015 کو منایا گیا تھا۔
یوگا ایپ
بھارتی حکومت نے اس برس یوگا ڈے کے موقع پر ایک ایپ لانچ کیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے تیار کردہ اس ایپ کی مدد سے یوگا کی مشقیں اور دیگر معلومات مختلف زبانوں میں حاصل کی جاسکتی ہیں۔ جاوید اختر