1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زیادہ درآمدات اور کم محصولات، چینی صدر کا وعدہ

5 نومبر 2018

چینی صدر شی جن پنگ نے وعدہ کیا ہے کہ ان کا ملک درآمدات میں اضافے اور محصولات میں کمی کے لیے اقدامات کرے گا، تاہم ناقدین کے مطابق یہ بات فقط بیان کی حد تک ہے اور اس پر عمل درآمد نہیں کیا جا سکتا۔

https://p.dw.com/p/37gTp
China Xi Jinping verspricht weitere wirtschaftliche Öffnung seines Landes
تصویر: Reuters/A. Song

شنگھائی میں پیر کے روز بین الاقوامی چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو سے خطاب میں چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین اپنی درآمدی منڈی کو غیر ملکی کمپنیوں کے لیے زیادہ کھولے گا جب کہ ان کمپنیوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

’تجارتی جنگ کے اثرات‘ آئی ایم ایف کی پیشن گوئیوں میں تبدیلی

امریکا اور چین کے مابین تجارتی جنگ کا نیا موڑ

اس سے قبل بھی چینی صدر ایسے ہی دعوے کر چکے ہیں کہ وہ چینی منڈیوں میں غیر ملکی مصنوعات کے لیے محصولات میں کمی لائیں گے، تاہم ناقدین کے مطابق اس نئے خطاب میں قریب وہی الفاظ دہرائے گئے ہیں، جو چینی صدر اس سے قبل بھی کہتے آئے ہیں۔

شنگھائی میں ایک ہفتے دورانیے کی پہلی بین الاقوامی درآمدی نمائش کا آغاز پیر پانچ نومبر سے ہوا ہے، جو جمعہ 10 نومبر تک جاری رہے گی۔  اس نمائش میں تین ہزار نمائش کنندگان شریک ہیں، جن کا تعلق دنیا کے ایک سو تیس ممالک سے ہے۔ غیرملکی کمپنیاں ایک اعشاریہ تین ارب آبادی کے ملک اور دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت کی منڈی تک رسائی چاہتی ہیں، تاہم انہیں اس سلسلے میں کئی طرح کے چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔

اس نمائش کے افتتاح کے موقع پر شی جن پنگ نے کہا کہ وہ درآمدات میں اضافہ، محصولات میں کمی اور نان ٹیرف مشکلات میں کمی کے علاوہ حقوقِ دانش کے تحفظ کے لیے بھی اقدامات کریں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ چین اگلے پندرہ برسوں میں تیس ٹریلین ڈالر کی مصنوعات اور دس ٹریلین ڈالر کی خدمات حاصل کرے گا۔ تاہم انہوں نے اس سلسلے میں تفصیلات نہیں بتائیں۔

یہ بات اہم ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین پر مسلسل دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ اپنی منڈیاں غیرملکی کمپنیوں کے لیے کھولے اور تجارتی فرق کو کم کرنے کے علاوہ امریکی حقوقِ دانش کے تحفظ کے لیے اقدامات کرے۔ اسی تناظر میں امریکا نے اربوں ڈالر کی چینی مصنوعات پر محصولات میں زبردست اضافہ کیا ہے۔

چیس وینٹر، ع ت، ع الف