زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہء نیوزی لینڈ پر پابندی ختم
12 جون 2011ویلنگٹن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق فی الحال زمبابوے کی ٹیم کے نیوزی لینڈ کے ایک دورے کی منظوری دے دی گئی ہے اور عملی طور پر اس افریقی ملک سے آنے والی کھلاڑیوں کی ٹیموں پر عائد عمومی پابندی مستقبل میں استثنائی طور پر ختم کر دی جائے گی۔
زمبابوے کی قومی کرکٹ ٹیم کا اگلے سال نیوزی لینڈ کا ایک دورہ پہلے سے طے ہے، جو گیارہ سال بعد پہلا موقع ہو گا کہ زمبابوے کی ٹیم نیوزی لینڈ میں کھیلے گی۔نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ مرے میکلّی کے بقول حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ زمبابوے کی ٹیم کے اس دورے کی راہ میں کوئی رکاوٹیں پیدا نہیں کرے گی۔
زمبابوے کی ٹیم کے دوروں پر پابندی کئی سال پہلے اس لیے لگائی گئی تھی کہ اس اقدام کے ذریعے اس افریقی ریاست میں طویل عرصے سے بر سر اقتدار صدر رابرٹ موگابے کی حکومت کی طرف سے وہاں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی عملی طور پر مخالفت کی جا سکے۔
مرے میکلّی کے مطابق اگلے سال نیوزی لینڈ کے دورے سے قبل زمبابوے کے کھلاڑیوں اور ٹیم کے ساتھ آنے والی انتظامیہ کو ویزوں کے اجراء کا انحصار اس بات پر ہو گا کہ تب تک زمبابوے کی موجودہ صورت حال میں کوئی قابل ذکر ابتری دیکھنے میں نہ آئے۔
زمبابوے کی ٹیم کے نیوزی لینڈ کے دورے کا آخری پروگرام سن 2005 میں بنایا گیا تھا مگر تب یہ دورہ اس لیے منسوخ کرنا پڑ گیا تھا کہ نیوزی لینڈ کی حکومت نے زمبابوے کے کھلاڑیوں کو ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
رپورٹ: مقبول ملک
ادارت: عصمت جبیں