1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستیوکرین

زاپوریژیا جوہری پلانٹ سے متعلق جوہری ایجنسی کی رپورٹ

7 ستمبر 2022

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور جوہری توانائی سے متعلق ایجنسی نے زور دیا ہے کہ روسی کنٹرول میں موجود یوکرین کے زاپوریژیا جوہری پلانٹ کے گرد غیر فوجی زون قائم کیا جائے۔

https://p.dw.com/p/4GVyv
IAEO-Expertenmission besucht Kernkraftwerk Saporischschja
تصویر: Alexander Ermochenko/REUTERS

دنیا بھر میں جوہری سرگرمیوں پر نظر رکھنے والے اقوام متحدہ کے ادارے 'انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی‘ نےروس اور یوکرین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ زاپوریژیا جوہری پاور پلانٹ کے ارد گرد 'نیوکلیئر سیفٹی اینڈ پروٹیکشن زون‘ کے قیام کو یقینی بنائیں۔

آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گروی نے زاپوریژیا جوہری پلانٹ کے معائنے کے کئی روز بعد صورتحال کی نزاکت کے بارے میں اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے، ''ہم آگ سے کھیل رہے ہیں اور کچھ بہت ہی زیادہ خوفناک وقوع پذیر ہو سکتا ہے۔‘‘

اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی منگل چھ ستمبر کو ہونے والی میٹنگ میں اقوام متحدہ کی سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے روس اور یوکرینی فورسز سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک 'غیر فوجی علاقے کی شرائط‘ پر اتفاق کریں۔

گوٹیرش کے بقول اس میں ''روسی فوج کی طرف سے تمام فوجی اہلکاروں اور آلات کو وہاں سے ہٹانا اور یوکرین کی جانب سے اس علاقے میں داخل نہ ہونے کی یقین دہانی‘‘ بھی شامل ہونی چاہیے۔

آئی اے ای اے کی رپورٹ میں ہے کیا؟

زاپوریژیا جوہری پاور پلانٹ کے دورے کے بعد جاری ہونے والی رپورٹ میں آئی اے ای اے نے کہا ہے کہ اس پاور پلانٹ پر ہونے والی شیلنگ کو فوری طور پر روکنا ضروری ہے۔رپورٹ کے مطابق، ''اس کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کی طرف سے ایک نیوکلیئر سیفٹی اینڈ سکیورٹی پروٹیکشن زون کے قیام کی ضرورت ہے۔‘‘

جوہری توانائی سے متعلق اقوام متحدہ کے اس ادارے کی رپورٹ کے مطابق زاپوریژیا جوہری پاور پلانٹ پر ہونے والی شیلنگ نیوکلیئر سیفٹی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے، ''آئی اے ای اے ، زاپوریژیا جوہری پاور پلانٹ کی صورتحال پر ہنوز شدید تحفظات کا شکار ہے... جو ابھی تک تبدیل نہیں ہوئی۔‘‘

رپورٹ کے مطابق سب سے بہترین حل تو یہ ہو گا کہ تنازعہ ختم ہو لیکن اس میں ناکامی کی صورت میں ایک حفاظتی علاقہ قائم کیا جائے۔ ساتھ ہی اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ وہاں سے روسی بکتربند گاڑیاں نکالی جائیں جو جوہری توانائی ایجنسی کے وفد نے اپنے دورے کے دوران وہاں دیکھیں۔

آئی اے ای اے کی رپورٹ پر یوکرین کا ردعمل

یوکرینی وزیراعظم وولودیمیر زیلنسکی نے آئی اے ای اے کی رپورٹ کا خیر مقدم کیا ہے، خاص طور پر زاپوریژیا جوہری پلانٹ میں روسی فوجی ساز وسامان کی موجودگی والے حصے کی۔

اپنے روزانہ کے خطاب میں زیلنسکی کا کہنا تھا، ''رپورٹ میں جوہری پاور پلانٹ کے علاقے میں روسی فوج اور ملٹری ساز وسامان کی موجودگی، اس پاور پلانٹ میں کام کرنے والے ہمارے اہلکاروں پر دباؤ روس کے فوجی قبضے کی طرف واضح اشارے ہیں۔ یہ اچھا ہے۔‘‘

یوکرینی صدر نے پلانٹ کے ارد گرد ایک سکیورٹی زون کے قیام پر بھی اپنی رائے کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر جوہری پاور پلانٹ کے علاقے کو فوجی موجودگی سے پاک کرنا ہے تو یوکرین اس کی حمایت کر سکتا ہے۔

ا ب ا/ا ا (اے پی، اے ایف پی، ڈی پی اے)