1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ریگی کو پھانسی دے دی گئی

20 جون 2010

باغی گروپ جند اللہ کے رہنما عبدالمالک ریگی کو ایران میں پھانسی دےدی گئی ہے۔ ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق ریگی کو یہ سزا ملک میں بدترین حملوں میں ملوث ہونے پر دی گئی۔

https://p.dw.com/p/Nxpk
عبدالمالک ریگیتصویر: presstv.ir

ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے فارس کے مطابق ریگی کو اتوار کی صبح تہران کی Evin جیل میں پھانسی دی گئی، اس موقع پر جند اللہ کی جانب سے کی گئی کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے بعض افراد کے ورثاء بھی موجود تھے۔

تہران کی انقلابی عدالت نے ریگی کے لئے سزائے موت کا حکم سنایا تھا جبکہ بعدازاں سپریم کورٹ نے اس سزا کو برقرار رکھا تھا۔ عدالت کے اعلامیے کے مطابق جند اللہ 154سیکیورٹی اہلکاروں اور دیگر معصوم شہریوں کی ہلاکت کے لئے ذمہ دار ہے۔

ریگی کو رواں برس فروری میں اس وقت گرفتار کیا گیا، جب وہ ایک پرواز سے دبئی سے کرغزستان جا رہے تھے۔ ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے ریگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کرغزستان میں امریکی فوجی اڈے پر کسی اعلیٰ شخصیت سے ملاقات کے لئے جا رہا تھا۔

Iran Topografische Karte
جنداللہ پر ایرانی صوبے سستان بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کا الزام ہےتصویر: AP Graphics

ان کی گرفتاری جند اللہ کی جانب سے پاکستانی سرحد کے ساتھ واقع ایرانی علاقے میں ایک خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کے بعد عمل میں آئی، جس میں اعلیٰ انقلابی گارڈز سمیت متعدد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

فارس کے مطابق ریگی پر ڈکیتی، اغوا، منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت پسند گروہ جند اللہ کی بنیاد رکھنے کا بھی الزام تھا۔

تہران حکام کا کہنا ہے کہ اس سُنی گروپ کا القاعدہ سے تعلق ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس گروپ کو پاکستان، برطانیہ اور امریکہ کی پشت پناہی حاصل ہے۔ تاہم اسلام آباد، لندن اور واشنگٹن حکومتیں اس الزام کی تردید کرتی ہیں۔

عبدالمالک ریگی کے چھوٹے بھائی عبدالحمید کو 2008ء میں پاکستان میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بعدازاں اسلام آباد حکام نے اسے تہران کے حوالے کر دیا۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق عبدالحمید پر دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے کا الزام ثابت ہونے پر اسے گزشتہ ماہ زاہدن میں پھانسی دے دی گئی۔

ایران کو اپنے جنوب مشرقی صوبے سیستان بلوچستان میں نسلی اور مذہبی کشیدگی کا سامنا ہے، جہاں سنی باغی حکومت کے خلاف سرگرم ہیں۔ اس حوالے سے متعدد افراد کو سزائے موت دی جا چکی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں اور مغربی ممالک ان سزاؤں کی مذمت کرتے رہے ہیں۔

جند اللہ 2003ء میں منظرعام پر آئی۔ اس گروپ کا کہنا ہے کہ وہ سیستان بلوچستان کے بلوچی شہریوں کے حقوق، ثقافت اور عقائد کے تحفظ کے لڑ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایران کے بیشتر بلوچی سیستان بلوچستان صوبے میں ہی آباد ہیں۔ ایران میں اکثریتی آبادی شیعہ ہے جبکہ یہ بلوچی سُنی ہیں۔ جند اللہ کا کہنا ہے کہ اقلیت ہونے کی وجہ سے بلوچی شہری ایرانی حکام کے مظالم کا شکار ہیں۔

خیال رہے کہ سیستان بلوچستان ایران کا ایک پسماندہ علاقہ ہے۔ وہاں منشیات کی اسمگلنگ ایک بڑا مسئلہ ہے جبکہ اغوا کی وارداتیں بھی معمول ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں