1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روسی بلی کی پیش گوئی، آج کا میچ ارجنٹائن ہار جائے گا

26 جون 2018

آکیلیس نامی ایک بلی نے ’پیش گوئی‘ کی ہے کہ عالمی فٹ بال کپ میں منگل کے روز ارجنٹائن اور نائجیریا کے درمیان ہونے والے میچ میں ارجنٹائن کو شکست ہو گی۔ یہ بلی اب تک تین میچوں کے بارے میں درست پیش گوئیاں کر چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/30Kbh
FIFA Fußball-WM 2018 in Russland | Achilles, Katze als Wahrsagerin für Nigeria
تصویر: Reuters/A. Vaganov

آکیلیس جو سینٹ پیٹرز برگ کے خانقاہی عجائب گھر میں رہتی ہے، کو پہلے فضا میں بلند کیا گیا تاکہ فوٹو گرافر اس کی تصویر لے سکیں۔ پھر اسے ایک میز پر بٹھا دیا گیا جہاں خوراک سے بھرے دو پیالے رکھے تھے۔ ان میں سے ایک پیالے کے سامنے نائیجیریا اور دوسرے کے سامنے ارجنٹائن کے جھنڈوں کے نشانات بنے تھے اور آکیلیس کو ان میں سے کسی ایک پیالے کا انتخاب کرنا تھا۔

کچھ دیر کے ’غور وخوض‘ کے بعد اس ’مستقبل بین‘ بلی نے نائیجیریا کو چنا اور اس کے جھنڈے کے سامنے دھرے پیالے میں رکھی خوراک سے محظوظ ہونا شروع کر دیا۔ فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مقابلوں تک رسائی کے لیے ارجنٹائن کو آج کا میچ ہر صورت میں جیتنا ہے۔ اگر ارجنٹائن یہ میچ صرف برابر بھی کر لیتا ہے تب بھی وہ اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی نہیں کر پائے گا۔

اگر آکیلیس کی پیش گوئی درست ثابت ہوتی ہے تو پھر نائیجریا اگلے راؤنڈ میں کھیلے گا۔

2018 FIFA WM Orakel-Katze Achilles
تصویر: picture alliance/dpa/Sputnik/A. Galperin

آکیلیس نے سن 2017 میں ہوئے کنفیڈریشن کپ کے میچوں کے نتائج کے بارے میں بھی بلکل ٹھیک پیش گوئیاں کی تھیں۔

اسی طرح عالمی فٹ بال کپ کے حالیہ میچوں میں ایران کی مراکش کے خلاف فتح، مصر کی روس سے شکست اور برازیل کی کوسٹا ریکا پر فتح کے حوالے سے پیش گوئیاں درست ثابت ہوئی تھیں۔

خیال رہے کہ کروشیا کی ٹیم نے ارجنٹائن کو تین گول سے ہرا کر ناک آؤٹ اسٹیج کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ آئس لینڈ، نائجیریا اور ارجنٹائن مقابلے کی دوڑ میں ہیں۔ ان تینوں میں سے ایک ٹیم ہی نے ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنا ہے۔

ارجنٹائن اور نائجیریا کا میچ یقینی طور پر بہت اہم ہو گا کیونکہ یہی میچ واضح کرے گا کہ کسی ٹیم نے آگے بڑھنا ہے۔ ارجنٹائن کی جیت کے باوجود اگر آئس لینڈ نے کروشیا کو ہرا دیا تو پھر گول اوسط پر فیصلہ ہو گا۔

ص ح / ش ح / روئٹرز