1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دہلی کامن ویلتھ گیمز کامیاب رہیں گے، بھارت کا اصرار

23 ستمبر 2010

بھارت نے زور دیا ہے کہ آئندہ ماہ نئی دہلی میں ہونے والی کامن ویلتھ گیمز ایونٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کھیلوں میں شمار کئے جائیں گے۔ دوسری جانب انگلینڈ نے ان کھیلوں کے لئے کئے گئے انتظامات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/PK6y
جواہر لال نہرو سٹیڈیمتصویر: AP

انگلینڈ کا کہنا ہے کہ نئی دہلی میں کامن ویلتھ گیمز کے حوالے سے ایتھلیٹس کے لئے بنائی گئی رہائش گاہوں میں گندگی کی شکایات مو‌صول ہو رہی ہیں جبکہ سکیورٹی پر بھی خدشات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔

اُدھر خبررساں اداروں نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن کے سربراہ مائیک فینیل جمعرات کو نئی دہلی پہنچ رہے ہیں جہاں وہ بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ سے ملاقات کریں گے۔ وہ تین سے 14 اکتوبر تک جاری رہنے والے ان کھیلوں کے انعقاد کے حوالے سے درپیش مسائل پر غور کریں گے۔

Manmohan Singh
بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھتصویر: AP

دوسری جانب مزید ایتھلیٹس نے نئی دہلی میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان میں انگلش اولمپک چار سو میٹر گولڈ میڈلسٹ Christine Ohuruogu اور ورلڈ ٹرپل جمپ چیمپیئن Phillips Idowu بھی شامل ہیں۔ دوسری طرف آسٹریلیا نے خبردار کیا ہے کہ مزید کھلاڑی کھیلوں سے نکل سکتے ہیں۔

ان کھلاڑیوں کی جانب سے یہ فیصلہ بعض ٹیموں کی طرف سے ایتھلیٹس کے لئے قائم گئے ویلیج کی صورت حال اور تحفظ کے خدشات ظاہر کئے جانے کے بعد سامنے آیا۔ ابھی حال ہی میں اس کے قریب ہی پیدل چلنے والوں کے لئے بنایا گیا ایک پل گر گیا تھا جبکہ سیاحوں پر فائرنگ کا واقع بھی سامنے آ چکا ہے۔

کامن ویلتھ گیمز کے لئے انگلینڈ کے چیئرمین اینڈریوفوسٹر نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹے اہم ہوں گے۔ ان کا کہنا ہے، ’ہمیں بھروسہ نہ ہوا، تو ہم اپنی ٹیمیں نہیں بھیجیں گے۔‘

برطانوی نائب وزیر اعظم نِک کلیگ نے کہا ہے کہ دہلی جانے یا نہ جانے کا حتمی فیصلہ ایتھلیٹس اور سپورٹس حکام کریں گےتاہم انہوں نے خبردار کیا کہ منتظمین کے لئے گیمز کے انعقاد کو درست سمت میں لے جانے کے حوالے سے وقت ہاتھ سے نکلتا جا رہا ہے۔

دوسری جانب نئی دہلی میں ان کھیلوں کے منتظمین کے لئے ایک نئی مصیبت بدھ کو اس وقت سامنے آئی، جب ویٹ لفٹنگ کے لئے بنائے گئے ہال کی چھت گر گئی۔ تاہم اس موقع پر کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عاطف بلوچ