1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دہلی پولیس کا ٹویٹر کے دفتر پر چھاپہ

صلاح الدین زین ڈی ڈبلیو، نئی دہلی
25 مئی 2021

کانگریس پارٹی نے ٹویٹر کے دفتر میں پولیس کی کارروائی کو "بزدلانہ چھاپے کی کارروائی" بتایا ہے جبکہ پولیس ٹیم کا دعوی ہے کہ وہ دفتر نوٹس پہنچانے گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/3tu3O
Twitter und Hacker
تصویر: Imago Images/M. Weber

بھارتی دارالحکومت دہلی کی پولیس پیر کی شام کو ایک بڑی ٹیم کے ساتھ معروف سوشل میڈیا ٹویٹر کے دفتر پر پہنچی جہاں اسے اس بات پر بڑی مایوسی ہوئی کہ اس کے ہاتھ کچھ بھی نہیں لگا۔ کورونا کی وبا کی وجہ سے بیشتر ملازمین اپنے گھروں سے کام کر رہے ہیں اور دفتر میں ایک دو افراد کے علاوہ کوئی بھی موجود نہیں تھا۔

اس سے متعلق فوٹیج میں دہلی پولیس کی ایک ٹیم کو بڑے ڈرامائی انداز میں دفتر کے اندر گھومتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ میڈیا کے استفسار پر پولیس نے کہا کہ یہ ایک معمول کی کارروائی ہے اور وہ ٹویٹر کے کسی مناسب افسر کو نوٹس دینے کے لیے یہاں آئی تھی۔ تاہم ایک حلقے کو حیرانی اس بات پر ہے کہ کیا اتنی بڑی پولیس کی ٹیم نوٹس سرو کرنے جاتی ہے۔

بھارت کی مودی حکومت کے فیس بک اور ٹویٹر جیسے سوشل میڈیا اداروں کے ساتھ معاملات کچھ دنوں سے تناؤ کا شکار ہیں اور کئی امور کے حوالے سے دونوں میں شدید اختلاف ہیں تاہم ان کے دفاتر پر پولیس کی جانب سے اس طرح کی کارروائی کا یہ پہلا واقعہ ہے۔     

حزب اختلاف کی جماعت کانگریس پارٹی نے پولیس کے اس اقدام کو "بزدلانہ چھاپے کی کارروائی" بتاتے ہوئے کہا کہ یہ حکمران جماعت بی جے پی کی کرتوتوں پر پردہ ڈالنے کی یہ ایک ناکام کوشش ہے اور، "سچ کو شکست نہیں دی جا سکتی۔"

Indien Neu Delhi - National Congress Parteipräsident Rahul Gandhi
تصویر: Getty Images/AFP/S. Hussain

کانگریس پارٹی کی ریسرچ ٹیم کے سربراہ راجیو گاؤڑا نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا، "بی جے پی نے جعلی دستاویز تیار کرنے کی سازش کی اور وہ پکڑے گئے۔ اب وہ ٹویٹر پر رعب جمانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے پاس ایسا کرنے کا کوئی قانونی اختیار بھی نہیں ہے۔"

معاملہ کیا ہے؟

اس تنازعے کی ابتدا اس وقت شروع ہوئی جب بی جے پی کے ایک ترجمان سمبت پاترا نے 18 مئی کو اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر یہ دعوی کرتے ہوئے ایک 'ٹول کٹ' شیئر کی کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے حوالے سے کانگریس پارٹی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور اور ان کی حکومت کو بدنام کرنے کے لیے ہے یہ ٹول کٹ تیار کی ہے۔ اس مبینہ ٹول کٹ میں کووڈ سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے کے لیے بہت سی ایسی باتوں کا ذکر ہے جو شدید سیاسی تنازعے کا سبب بن سکتی ہیں۔ سمبت پاترا کی پوسٹ کے فوری بعد اس متنازعہ ٹویٹ کو بی جے پی کے بہت سے دیگر رہنماؤں نے بھی شیئر کیا۔

کانگریس نے فوری طور پر اس سے انکار کیا اور الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے کانگریس کو بدنام کرنے کے لیے خود اس نے یہ ٹول کٹ تیار کی ہے۔ اس نے ٹویٹر کو بھی آگاہ کیا  گیا اور کہا کہ اس کا ایک جعلی لیٹر پیڈ تیار کر کے یہ ٹول کٹ تیار کی گئی ہے۔ کانگریس پارٹی نے اس کے لیے بی جے پی کے ان تمام رہنماؤں کے خلاف پولیس میں شکایت بھی درج کی ہے۔

پابندی کا کلچر ختم ہونا چاہیے، منال خان

ٹویٹر نے اس واقعے کے دو دن بعد سمبت پاترا کی ٹویٹ کو "مینیوپلیٹیڈ میڈیا" یعنی ساز باز کرنے والے میڈیا کا ٹیگ لگا دیا۔ اس کے بعد مودی حکومت نے ردعمل میں ٹویٹر کو سخت الفاظ پر مبنی ایک خط لکھ کر یہ مطالبہ کیا کہ جب تک اس ٹول کٹ کی تفتیش مکمل نہ ہو جائے اس وقت تک ٹیگ کو ہٹا دیا جائے۔

ٹویٹر کے خلاف نوٹس

دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے اس ٹول کٹ کے بارے میں تفتیش شروع کی ہے اور اسی لیے ٹویٹر کو بھی نوٹس جاری کیا گيا تھا تاہم جب اس کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا تو پولیس نے خود دفتر کا دورہ کیا۔ پولیس کا  کہنا ہے کہ چونکہ ٹویٹر نے بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا  کی ٹویٹ کو ساز باز میڈیا  کا ٹیگ دیا ہے اس لیے یہ وضاحت ضروری ہے کہ آخر اس نے ایسا کیوں کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے، "ایسا لگتا ہے کہ ٹویٹر کے پاس کچھ ایسی معلومات ہیں جن تک ہمیں رسائی نہیں ہے اور اسی کی بنیاد پر اس ٹویٹ کو ساز باز میڈیا کے زمرے میں کیا گيا ہے۔ تفتیش کے لیے یہ معلومات ضروری ہے۔ پولیس سچائی جاننا چاہتی ہے اور ٹویٹر کو اس کی وضاحت کرنی چاہیے۔" تاہم پولیس یہ بتانے کے لیے تیار نہیں ہے کہ اس کو اس بارے میں شکایت کس نے کی ہے اور اس سے متعلق شکایات کی تفصیلات کیا ہیں۔

   

عام انتخابات، سوشل میڈیا اور جھوٹی خبریں

پولیس کی کانگریس کے خلاف نوٹس

25 مئی منگل کے روز پولیس نے اس سلسلے میں کانگریس کی سوشل میڈیا ونگ کو بھی ایک نوٹس جاری کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کی تفتیش کے لیے کانکریس رہنماؤں سے پوچھ گچھ ضروری ہے۔   

اس دوران کانگریس رہنما راہول گاندھی نے بھی پولیس کی ان تمام کارروائیوں کو پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنی پارٹی کی کرتوتوں کو چھپانے کے لیے پولیس کا سہارا لے رہی ہے۔ اپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا، "سچ بغیر کسی خوف کے اپنی جگہ قائم ہے۔"

’سوشل میڈیا پر کنٹرول کے لیے متبادل مواد شائع کرنا ہوگا‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں