1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
ماحولایشیا

دہلی: فضائی آلودگی سے جینا محال، اسکول بند کرنے کا فیصلہ

صلاح الدین زین
4 نومبر 2022

شمالی بھارت کے متعدد شہر فضائی آلودگی کے بحران سے دو چار ہیں، جہاں گزشتہ کچھ دنوں سے آلودگی میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ دارالحکومت دہلی میں ہوا کا معیار مسلسل گرتا جا رہا ہے اور سانس لینا بھی دشوار ہو رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/4J3fo
New Delhi, India | Smog
تصویر: Hindustan Times/imago images

بھارتی دارالحکومت دہلی میں فضائی آلودگی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ ہوا کا معیار ''خطرناک'' سطح تک پہنچ گیا ہے، اس لیے جمعے کے روز انتظامیہ نے تمام پرائمری اسکولوں کو بند کرنے کا حکم دیا۔

دنیا کے سو آلودہ ترین شہروں میں سے تریسٹھ بھارت میں

 حکام کے مطابق ثانوی اور اعلیٰ ثانوی طلبہ کے لیے اسکول کھلے رہیں گے، تاہم ان کے لیے بھی کسی بیرونی سرگرمی کی اجازت نہیں ہو گی۔

لوٹا دو نیلا گگن، پکار دہلی والوں کی

دھان کی فصل کٹنے کے بعد کسان پوال کو کھیت میں جلاتے ہیں، جس کی وجہ سے شمالی بھارت کے متعدد شہر اس وقت شدید فضائی آلودگی سے متاثر ہیں اور  دہلی جیسے شہر میں  تو، اس سے سانس اور دمہ کے مریضوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

جمعے کے روز دہلی  اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں جب لوگ بیدار ہوئے تو اپنے آپ کو آسمان میں دھند اور فضائی آلودگی کے سبب دم گھٹنے اور آنکھوں میں جلن کی شکایات محسوس کی۔ لوگوں کو سانس لینے میں بھی دشواری ہو رہی ہے۔

 دہلی اور پنجاب کی حکومتوں پر دباؤ

مرکز کے زیر انتظام دہلی اور ریاست پنجاب کے وزرائے اعلی اروند کیجریوال اور بھگونت سنگھ مان نے جمعے کے روز ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس صورت حال کی پوری ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ دونوں جگہ عام آدمی پارٹی کی حکومت ہے۔

ان کا کہنا تھا، ''ہم پنجاب میں کھیتوں میں لگنے والی آگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کی پوری ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ ہم نے اس پر قابو پانے کے لیے اقدامات تو کیے ہیں، تاہم اگلے برس تک ہی پوال جلانے میں کمی آئے گی۔''

New Delhi, India | Smog
 حکام کے مطابق ثانوی اور اعلیٰ ثانوی طلبہ کے لیے اسکول کھلے رہیں گے، تاہم ان کے لیے بھی کسی بیرونی سرگرمی کی اجازت نہیں ہو گیتصویر: Hindustan Times/imago images

عام آدمی پارٹی کے سربراہ کیجریوال نے کہا کہ مرکزی حکومت کو فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے ایک مشترکہ ایکشن پلان کے ساتھ آنا ہو گا اور یہ ایک دوسرے پر انگلی اٹھانے کا وقت نہیں ہے۔

دونوں وزرائے  اعلی کا کہنا تھا کہ فضائی آلودگی صرف دہلی یا پنجاب تک محدود نہیں ہے، اور یہ پورے ''شمالی بھارت سنگین کا مسئلہ'' ہے۔ ''دہلی اور پنجاب میں عام آدمی کی پارٹی حکومتیں ذمہ دار نہیں ہیں۔ اوریہ الزام تراشی کا وقت نہیں ہے۔''

اس سے قبل ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی نے اس صورت حال کے لیے عام آدمی پارٹی کی دہلی اور پنجاب کی حکومتوں کو مورد الزام ٹھہرایا تھا اور کہا تھا کہ دونوں حکومتیں اس مسئلے پر قابو پانے میں پوری طرح سے ناکام رہی ہیں۔

سپریم کورٹ میں کیس

دہلی میں فضائی آلودگی مسئلے پر ایک وکیل نے جمعے کے روز ہی سپریم کورٹ سے رجوع کیا اور عدالت عظمیٰ سے اس معاملے میں فوری مداخلت کی درخواست کی۔ چیف جسٹس آف انڈیا کی سربراہی والی ایک بنچ نے اس معاملے پر آئندہ 10 نومبر کو سماعت کرنے کی تاریخ  طے کی ہے۔

دہلی میں 'سسٹم آف ایئر کوالٹی اینڈ ویدر فورکاسٹنگ اینڈ ریسرچ' کے ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ قومی دارالحکومت دہلی میں ہوا کا معیار آئندہ کچھ دنوں تک ''شدید'' تر رہے گا۔ اس کے مطابق جن علاقوں کے کھیتوں میں آگ لگائی جا رہی ہے، ادھر سے ہواؤں کا رخ دہلی کی جانب ہے۔ 

نئی دہلی شدید سموگ کی لپیٹ میں، شہری زندگی متاثر