1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا بھر میں ’مہاجرین‘ کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

19 جون 2018

جنگوں، تنازعات، ظلم وستم اور استحصال کی وجہ سے دنیا بھر میں اپنے گھروں سے محروم ہونے والے افراد کی تعداد 68.5 ملین تک پہنچ گئی ہے۔ عالمی ادارے نے انسانی بحران کے اس المیے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2zpMk
Bildergalerie Jahresrückblick 2017 International
تصویر: Reuters/D. Siddiqui

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اقوام متحدہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ دنیا بھر میں مختلف مشکلات کا شکار ہو کر اپنے گھر کو چھوڑ کر  ہجرت کرنے والے افراد کی تعداد 68.5 ملین کی ریکارڈ حد تک پہنچ چکی ہے۔

ایسے افراد میں خاص طور پر میانمار کے روہنگیا اور شامی شہری شامل ہیں۔ منگل کے دن جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق بے گھری پر مجبور افراد کی تعداد سن 2017 کے اختتام پر اُس سے گزشتہ برس کے مقابلے میں تین ملین زیادہ ہے۔ ایک عشرے میں اس تعداد میں پچاس فیصد اضافہ ہوا ہے۔

لوگ اپنا ملک کیوں چھوڑ رہے ہيں؟

عالمی ادارے کی اس رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ جبری بیدخلی اور مہاجرت پر مجبور افراد کی تعداد ایشیائی ملک تھائی لینڈ کی مجموعی آبادی کے مساوی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق دنیا میں ہر ایک سو دس افراد میں سے ایک شخص مہاجر ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق ایسے کروڑوں افراد کی دوبارہ آبادکاری کے لیے ایک نئی جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

اقوام متحدہ کے سربراہ انٹونیو گوٹیرش نے کہا ہے کہ مہاجرت کے اس المیے سے نمٹنے کی خاطر ایک جامع اور مفصل حکمت عملی اختیار کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ مہاجرین کے عالمی دن کے موقع پر برسلز میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بے گھر ہونے والے ان افراد میں سے 70 فیصد کا تعلق صرف دس ممالک سے بنتا ہے۔

گوٹیرش کے بقول اگر ان دس یا ان میں سے کچھ ممالک میں جاری تنازعات کو حل کرنے کی کوشش کی جائے تو اس مسئلے کو حل کرنا آسان ہو جائے گا۔ گوٹیرش کے مطابق مہاجرت کے بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے سیاسی عزم درکار ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد 16.2 ملین بنتی ہے۔ یوں کہا جا سکتا ہے کہ سن دو ہزار سترہ میں یومیہ چوالیس سو پچاس افراد بے گھر ہوئے یا ہر دو سکینڈ بعد ایک شخص ہجرت پر مجبور ہوا۔ رپورٹ کے مطابق زیادہ تر لوگ اپنے ملک میں ہی مہاجر بنے، جنہیں ملکی سطح پر بے گھر ہونے والے افراد بھی کہا جاتا ہے۔

اعدادو شمار کے مطابق سن دو ہزار سترہ کے اختتام تک دنیا بھر میں ملکی سطح پر بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد چالیس ملین کے قریب بنتی ہے۔ یہ تعداد سن دو ہزار سولہ کے مقابلے میں تقریباً تین ملین زیادہ بنتی ہے۔

ع ب / ع ا / خبر رساں ادارے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں