1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خواتین کی پوجا سے ’مندر کی توہین‘، بھارتی ریاست میں کشیدگی

4 جنوری 2019

جنوبی بھارتی ریاست کیرالا میں دو خواتین کی پوجا نے سبری مالا مندر کی قدیمی روایت کو توڑ دیا ہے۔ اس حوالے سے کیرالا میں انتہاپسند ہندوؤں کے مظاہرے جاری ہے۔ مندر میں داخل ہونے والی خواتین کی تعداد اب تین ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/3B1MQ
Indien Sabarimala-Tempel Protest
تصویر: Getty Images/AFP

جنوبی بھارتی ریاست کیرالا میں سبری مالا مندر میں دو خواتین کے داخل ہونے پر شروع ہونے والے فسادات میں گرفتار ہونے والے انتہاپسند ہندوؤں کی تعداد ساڑھے سات سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ کیرالا کی پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جمعہ چار دسمبر کو مزید ہنگامے ہو سکتے ہیں۔

کیرالا کے مختلف مقامات پر سخت گیر ہندوؤں کے مظاہرے اور پولیس کے ساتھ جھڑپوں کی وجہ سے نظام زندگی معطل ہو کر رہ گیا ہے۔ کئی شہروں میں حالات کشیدہ رہے اور اس باعث بازاروں میں دکانیں بند رہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔ عام لوگوں کو نقل و حرکت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کیا خواتین کو حاجی علی کی قبر پر حاضری کی اجازت ملے گی؟

پولیس نے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور تیز دھار پانی کا بھی استعمال کیا۔ بدھ دو جنوری کو ایسی ہی جھڑپوں کے دوران ایک شخص کی ہلاکت بھی ہوئی تھی۔ ریاستی حکام کے مطابق اس شخص کی ہلاکت حرکت قلب بند ہونے سے ہوئی تھی جب کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ ہلاک ہونے والے شخص کے سر پر ڈنڈا لگنے کا نشان تھا اور یہی ہلاکت کی وجہ تھی۔

ہندو روایت کے مطابق دس سال سے لے کر پچاس برس تک کی خواتین سبری مالا مندر میں پوجا کے لیے داخل نہیں ہو سکتیں۔ چند روز قبل چالیس برس کی عمر کی دو خواتین نے رات کے دوران پولیس کی نگرانی میں مندر میں داخل ہو کر عبادت کی تھی۔ بعد میں اس پوجا کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی گئی تھی۔ ان خواتین کے داخلے کے بعد بڑے پجاری نے مندر کو پاک کرنے کے لیے اسے بند بھی کر دیا تھا۔ یاد رہے کہ ماہواری کی وجہ سے خواتین کو ناپاک تصور کرتے ہوئے اس مندر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جاتی۔

بھارتی سپریم کورٹ نے مندر کی روایت کے خلاف فیصلہ دیا تھا اور ہر عمر کی خواتین کو مندر میں داخل ہونے اجازت دے دی ہے۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ برس ستمبر میں یہ فیصلہ دیتے ہوئے اس پابندی کو خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک قرار دیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد سے کیرالا میں انتہا پسند ہندوؤں میں اشتعال پایا جاتا ہے۔

Indien Konflikt um Zugang von Frauen zu Sabarimala-Tempel
تصویر: Getty Images/AFP

ع ح / ا ا ( نیوز ایجنسیاں)