1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’خبردار، یہ دیوار اُلٹا آپ پر پیشاب کرے گی‘

امجد علی26 جولائی 2015

اکثر دیواروں پر لکھے ہوئے ’یہاں پیشاب کرنا منع ہے‘ کے الفاظ اُلٹا لوگوں کو یہ ترغیب دیتے ہیں کہ وہ عین اُسی جگہ اپنی راحت کا سامان کریں۔ امریکی شہر سان فرانسسکو نے ایسے لوگوں کے لیے اب ایک اور ہی حل تلاش کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1G4m8
Wildpinkler in Düsseldorf
تصویر: picture-alliance/dpa

نیوز ایجنسی روئٹرز کی ایک رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ سان فرانسسکو کی دیواروں کے ساتھ ’پیشاب کے مقابلے‘ سے احتراز کریں۔

ان دنوں سان فرانسسکو کی پبلک ورکس ایجنسی اس شہر کی دیواروں پر پیشاب کے خلاف مزاحمت کرنے والے ایک نئے پینٹ کی آزمائش کر رہی ہے۔ یہ تجربہ شہر کے ایسے علاقوں میں کیا جا رہا ہے، جن کی دیواریں پیشاب سے ’سیراب‘ ہو چکی ہیں۔ نئے پینٹ والی دیواروں کی خصوصیت یہ ہے کہ جو کوئی بھی ان کے سامنے جا کر اپنی ضرورت پوری کرنا چاہے گا، دیواریں اُس کا پیشاب واپس اُسی پر پھینک دیں گی۔

Symbolbild Manneken Pis Brüssel
بیلجیم کے شہر برسلز میں نصب مشہورِ زمانہ مجسمہتصویر: Fotolia / Eishier

سان فرانسسکو کی پبلک ورکس ایجنسی کے ڈائریکٹر محمد نُورو کو یہ خیال اُس وقت سوجھا، جب اُس نے سوشل میڈیا پر یہ پڑھا کہ جرمن شہر ہیمبرگ کے ایک مخصوص علاقے میں بھی ایسا ہی پینٹ استعمال کیا جا رہا ہے۔ ہیمبرگ میں یہ پینٹ اُس علاقے کی دیواروں پر لگایا گیا ہے، جہاں زیادہ تر نائٹ کلب واقع ہیں اور جہاں بیئر کے جام لنڈھا کر نکلنے والے گلیوں میں ہی اپنے مثانوں کو سکون دینے کی کوشش کرتے ہیں۔

یہ پینٹ ’الٹرا ایور ڈرائی‘ کہلاتا ہے۔ الٹرا ٹیک انٹرنیشنل نامی کمپنی کی جانب سے فروخت کیے جانے والے اس پینٹ کو ایک ایسی ’سُپر ہائیڈروفوبک‘ کوٹنگ قرار دیا جا رہا ہے، جو زیادہ تر مائع چیزوں کو واپس پھینکتی ہے۔

پبلک ورکس شعبے کی ایک اہلکار ریچل گورڈن کا کہنا تھا:’’پیشاب واپس اُن لوگوں کی پتلونوں اور جوتوں پر گرے گا اور سوچ یہ ہے کہ اگلی بار ایسے لوگ ایسا کرنے سے پہلے دو بار سوچیں گے۔‘‘

بتایا گیا ہے کہ ایک پائلٹ پروگرام کے تحت گزشتہ ہفتے شہر کی نو دیواروں پر یہ مخصوص پینٹ کروایا گیا۔ یہ دیواریں اُن علاقوں میں تھیں، جہاں زیادہ تر بارز واقع ہیں اور بے گھر لوگوں کی ایک بڑی تعداد بستی ہے۔

لیکن ان دیواروں پر بھی کچھ نہ کچھ لکھنے کی ضرورت پیش آ ہی گئی۔ اب ان دیواروں پر انگریزی، چینی اور ہسپانوی زبان میں یہ عبارت لکھی جاتی ہے:’’ایک منٹ ... راحت لینے کے لیے کوئی اور مناسب جگہ تلاش کریں‘۔

Flash-Galerie Mieter und Vermieter
اب سان فرانسسکو کی دیواروں پر انگریزی، چینی اور ہسپانوی زبان میں یہ عبارت لکھی جاتی ہے:’’ایک منٹ ... راحت لینے کے لیے کوئی اور مناسب جگہ تلاش کریں‘تصویر: WoGi/Fotolia

اگرچہ پبلک ورکس ایجنسی کی جانب سے آزمائشی پروگرام ابھی گزشتہ ہفتے ہی شروع کیا گیا ہے لیکن شہر بھر سے ایسی درخواستوں کا تانتا بندھ گیا ہے، جن میں لوگ اپنے علاقے یا اپنی عمارات کے اردگر دیواروں پر بھی یہی پینٹ کروانا چاہتے ہیں۔ ریچل گورڈن کے مطابق ’کچھ لوگوں کے خیال میں یہ سب محض ایک ڈرامہ ہے لیکن دیگر سنجیدگی کے ساتھ یہ امید کر رہے ہیں کہ اس طرح مخصوص بدبو سے نجات مل سکے گی‘۔

بتایا گیا ہے کہ اس پینٹ پر آنے والی لاگت اُس سے کہیں کم ہے، جو پیشاب سے ’سیراب‘ دیواروں کو صاف کروانے پر آتی ہے۔ سان فرانسسکو میں سالانہ مختلف حلقوں کی جانب سے ایسی دیواروں کی صفائی کی سینکڑوں درخواستیں موصول ہوتی ہیں۔ ریچل گورڈن کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کے حل ہی کے لیے شہر کی انتظامیہ نے مزید پبلک ٹوائلٹ بھی فراہم کر دیے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید