1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہبرازیل

خاتون صحافی پر جنسی ہتھکنڈوں کا الزام، صدر کے بیٹے کو سزا

22 جنوری 2021

برازیل کی ایک عدالت نے صدر بولسونارو کے بیٹے اور رکن پارلیمان ایڈوارڈو بولسونارو کو جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ انہوں نے ایک مقامی خاتون صحافی پر اہم معلومات کے حصول کے لیے جنسی ہتھکنڈے استعمال کرنے کا غلط الزام لگایا تھا۔

https://p.dw.com/p/3oIRo
برازیل کے صدر جیئر بولسونارو، دائیں، اور ان کے بیٹے ایڈوارڈو بولسونارو جنہیں عدالت نے جرمانے کا حکم سنا دیاتصویر: Fabio Rodrigues Pozzebom/Agencia Brasil

برازیلیا سے جمعہ بائیس جنوری کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق اس مقدمے میں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے برازیل کی ایک عدالت نے کہا کہ ملکی صدر کے بیٹے نے خاتون صحافی پیٹریشیا میلو پر اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران جنسی ہتھکنڈے استعمال کرنے کا جو الزام لگایا تھا، وہ ایک غیر اخلاقی حرکت بھی تھی اور متعلقہ خاتون کی عزت پر کیا گیا مجرمانہ حملہ بھی تھا۔

افغان صحافی رحمت اللہ نیک زاد کا قتل

انتہائی دائیں بازو کے ملکی صدر بولسونارو

برازیل میں صدر بولسونارو انتہائی دائیں بازو کے سیاستدان ہیں۔ صدر کے چھتیس سالہ بیٹے ایڈوارڈو بولسونارو نے، جو خود بھی ملکی پارلیمان کے رکن ہیں، گزشتہ برس الزام لگایا تھا کہ ایک کثیر الاشاعت مقامی اخبار کی ایک خاتون صحافی نے ان کے والد کے خلاف اہم معلومات تک پہنچنے کے لیے اپنے ایک ذریعے کو جنسی اشتعال دلا کر اپنا مقصد حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔

دنیا میں اس وقت قریب چار سو صحافی حراست میں ہیں

ساتھ ہی صدر کے بیٹے نے اپنے اس بیان میں اس بارے میں بھی سوال اٹھائے تھے کہ اس ''خاتون کا آخر ادارہ نجانے کون سا ہے اور وہ کتنی سنجیدہ صحافت کرتی ہے؟‘‘

CPJ  International Press Freedom Award Patrícia Campos Mello
پیٹریشیا میلو کو دو ہزار انیس میں صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم سی پی جے کا انٹرنیشنل پریس فریڈم ایوارڈ بھی دیا گیا تھاتصویر: Getty Images/D. Dipasupil

پاکستان میں ایک اور صحافی قتل

خاتون نے مقدمہ دائر کر دیا

ان الزامات کے بعد خاتون صحافی میلو نے رکن پارلیمان ایڈوارڈو بولسونارو کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا تھا، جس پر اب عدالت نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ ایڈوارڈو بولسونارو نے اس صحافی کے خلاف اپنا یہ متنازعہ بیان یوٹیوب پر ایک ویڈیو میں دیا تھا۔

انہوں نے بعد ازاں اپنا یہی بیان ایک ٹویٹ میں بھی لکھا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ پیٹریشیا میلو صحافت کے نام پر 'غلط اور جھوٹی معلومات پھیلا‘ رہی تھیں۔

فہرست کا اجراء: صحافتی برادری کو تشویش

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ صدر بولسونارو کے بیٹے اور رکن پارلیمان ایڈوارڈو بولسونارو نے نا صرف صحافی میلو پر جھوٹا الزام لگایا بلکہ وہ ان کے لیے ہتک عزت کا باعث بھی بنے، جو ایک صحافی کے پیشے اور اس کی کارکردگی کو داغ دار کرنے کی ایک غیر اخلاقی کوشش بھی تھی۔

میر شکیل الرحمان کی ضمانت منظور، صحافتی حلقوں کا خیر مقدم

ساڑھے پانچ ہزار ڈالر سے زائد جرمانہ

عدالت نے برازیلین صدر کے بیٹے کو ساڑھے پانچ ہزار امریکی ڈالر سے زائد کی رقم کے برابر جرمانہ کیا ہے، جو انہیں پیٹریشیا میلو کو زر تلافی کے طور پر ادا کرنا ہو گا۔

پیٹریشیا میلو برازیل کی ایک معروف اور ایوارڈ یافتہ خاتون صحافی ہیں، جنہوں نے عدالتی فیصلے کے بعد کہا، ''ایڈوارڈو بولسونارو کو کیا گیا جرمانہ انصاف کا تقاضا تھا اور آج کا دن برازیل کی سیاست اور غیر جانبدار صحافت کے لیے ایک سنہرا دن ہے۔‘‘ ایڈوارڈو بولسونارو کے اس فیصلے کے خلاف اپیل کا قانونی حق حاصل ہو گا۔

'پاکستانی ریاست صحافت کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ‘

جج کی صدر کے بیٹے کو تنبیہ

اس مقدمے میں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے جج نے مزید کہا، ''ایک رکن پارلیمان کے طور پر آپ (ایڈوارڈو بولسونارو) قومی اہمیت کے حامل ایک منصب پر فائز ہیں۔ اس کے علاوہ آپ جمہوریہ برازیل کے موجودہ صدر کے بیٹے بھی ہیں۔ آپ کو ماضی میں بھی اپنے اس نوعیت کے بیانات میں بہت محتاط رہنا چاہیے تھا اور مستقبل میں تو آپ کو اور بھی احتیاط کرنا ہو گی۔‘‘

بلوچستان میں صحافی کا قتل، صوبائی وزیر کے خلاف تحقیقات

اہم بات یہ بھی ہے کہ اسی خاتون صحافی کے خلاف خود برازیل کے صدر جیئر بولسونارو نے بھی گزشتہ برس فروری میں شدید نوعیت کے ذاتی الزامات لگائے تھے۔ تب صدر نے الزام لگایا تھا کہ اس خاتون نے ان (صدر) کے خلاف اہم معلومات حاصل کرنے کے لیے ایک اہم شخصیت کو مبینہ طور پر جنسی تعلق قائم کرنے کی پیشکش کی تھی۔

م م / ع ح (اے ایف پی)