1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حجاج نے عیدالاضحیٰ کے دن علامتی شیطان کو کنکریاں ماریں

11 اگست 2019

رواں برس کے حج کے فرائض اور رسومات کی ادائیگیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ حج کی تمام مذہبی رسومات منگل تیرہ اگست کو مکمل ہو جائیں گی۔

https://p.dw.com/p/3NjOc
Hadsch in Saudi-Arabien
تصویر: picture-alliance/dpa/SPA

اتوار گیارہ اگست کو سعودی عرب میں لاکھوں مسلمان زائرین نے وقوف عرفات کے بعد عیدالاضحیٰ منائی۔ اس دن کی مناسبت سے صبح سے لاکھوں حجاج علامتی شیطان کو دوپہر تک کنکریاں مارتے رہے۔ یہ مذہبی رسم رمی الجمرات کہلاتی ہے اور اسے سنت ابراہیمی سے وابستہ کیا جاتا ہے۔

کسی بھی قسم کی بھگدڑ کے پیش نظر کنکریاں مارنے کے مقام پر سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت رکھے گئے تھے۔ رمی الجمرات کے لیے سعودی حکومت نے کئی منازل پر مشتمل ایک تعمیراتی کمپلیکس کو مکمل کیا ہے۔ اس کمپلیکس کی تعمیر میں یہ پہلو سامنے رکھا گیا ہے کہ بھگدڑ کا کوئی واقعہ دوبارہ رونما نہ ہو۔

اتوار گیارہ اگست کو رمی الجمرات کے لیے بنائے گئے کثیر المنزلہ کمپلیکس میں سکیورٹی اہلکار کنکریاں مارنے والے زائرین کے گروپ کو کنٹرول کرتے رہے۔ کنکریاں مارتے وقت حجاج بلند آواز میں 'اللہ اکبر‘ کے کلمات بھی ادا کرنے کو معمول خیال کرتے ہیں۔

Saudi-Arabien  | Hadsch Pilgertfahrt nach Mekka
رواں برس بیس لاکھ سے زائد مسلمانوں نے حج کا مذہبی فریضہ ادا کیاتصویر: Reutesr/W. Ali

زائرین کو عیدالاضحیٰ کے دن ظہر کی نماز تک شیطان کو کنکریاں مارنے کا سلسلہ مکمل کرنا ہوتا ہے۔ اس کے بعد تمام حجاج وادی منیٰ کو الوداع کہتے ہوئے مکہ کی مسجد الحرام لوٹتے ہیں اور واپس پہنچ کر وہ حجر اسود کے گرد الوداعی طواف مکمل کرتے ہیں۔

حج کے دوران کنکریاں مارنے کے بعد مرد حجاج اپنے احرام یا حج کی ادائیگی کا لباس تبدیل کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد مرد حضرات سر کے سارے بال منڈواتے ہیں یا حجامت کرواتے ہیں۔ لباس کی تبدیلی کے بعد قربانی دی جاتی ہے۔ سعودی عرب میں ہر حاجی قربانی کے لیے مقررہ رقم دے کر قربانی کا واؤچر حاصل کرتا ہے اور اس کا یقین کیا جاتا ہے کہ سعودی حکام واؤچر والے جانور کو ذبح کر دیں گے۔

یہ امر اہم ہے کہ سن 2015 میں منیٰ کے مقام پر بھگدڑ پیدا ہونے سے سینکڑوں زائرین کی ہلاکت ہوئی تھی۔ سعودی عرب کے اعداد و شمار کے مطابق دو ہزار چار سو گیارہ افراد کی موت ہوئی تھی۔ ایران اس تعداد سے اتفاق نہیں کرتا ہے۔ اس افسوس ناک حادثے کے بعد سے ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں بگاڑ پیدا ہونے کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔

ع ح، ع ب ⁄ ڈی پی اے، نیوز ایجنسیاں

منیٰ میں بھگدڑ، سینکڑوں ہلاکتیں: ویڈیو رپورٹ