1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جی ٹوئنٹی میں روس کی رکنیت کا معاملہ، چین کی حمایت

23 مارچ 2022

ترقی یافتہ اور نیم ترقی یافتہ اقوام کے گروپ جی ٹوئنٹی کا سربراہ اجلاس رواں برس انڈونیشیا کی میزبانی میں ہو گا۔ ماسکو نے الزام لگایا ہے کہ امریکا اور اس کے حواری جی ٹوئنٹی سے روس کی رکنیت ختم کرنے کی کوشش میں ہیں۔

https://p.dw.com/p/48vx8
Italien Rom | G20 Gipfel
تصویر: Ludovic Marin/AFP/Getty Images

ترقی یافتہ اور ابھرتی اقتصادیات کے حامل ملکوں کے گروپ جی ٹوئنٹی کے رکن ممالک کے سربراہان کی سالانہ ملاقات رواں برس کے آخرِ میں انڈونیشا کے مشہور سیاحتی مقام بالی میں ہو گی۔

ایسا تاثر پایا جاتا ہے کہ بعض رکن ریاستیں یوکرین پر روسی حملے کے بعد اس گروپ میں سے روس کو فارغ کرنے کی خواہش رکھتی ہیں جب کہ اس گروپ میں روس کی موجودگی کو چین کی حمایت حاصل ہے۔

جی ٹوئنٹی سمٹ، موسمیاتی تبدیلیاں سب سے اہم موضوع

بعض ذرائع نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ امریکا اور اس کے اتحادی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں کہ روس کو جی ٹوئنٹی میں شامل رہنے دیا جائے یا اس کی رکنیت کو منسوخ کرنے کا سفارتی سلسلہ شروع کیا جائے۔

Indonesien Jakarta G20 Finanzminister Treffen
جی توئنٹی کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے سربراہان کی رواں برس فروری میں ہونے والی جکارتہ کانفرنستصویر: Mast Irham/epa/AP/picture alliance

ایسا بھی خیال کیا گیا ہے کہ اگر روس کی رکنیت بحال رہتی ہے تو پھر کئی ممالک کے سربراہ جزیرہ بالی جانے کا ارادہ ترک کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب روس نے الزام بھی لگایا ہے کہ امریکا اور اس کے اتحادی گروپ آف ٹوئنٹی میں سے اسے ہٹانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ترقی یافتہ ممالک کے گروپ جی سیون کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ مشکل دکھائی دیتا ہے کہ جی ٹوئنٹی کے رکن ممالک جیسا کہ بھارت، برازیل، جنوبی افریقہ اور چین ہیں، وہ روس کی رکنیت ختم کرنے کی مخالفت کریں گے۔

پوٹن کی جی ٹوئنٹی سمٹ میں شرکت

انڈونیشیا میں روسی سفیر لڈمیلا ووروبیوار نے کہا ہے کہ ابھی تک صدر ولادیمیر پوٹن اس سمٹ میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں اور وہ سیاحتی جزیرے بالی کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔ انڈونیشی دارالحکومت جکارتہ میں ایک پریس کانفرنس میں روسی سفیر نے واضح کیا کہ ان کے ملکی صدر کے دورے کا انحصار کئی معاملات پر ہے، جن میں بہتر ہوتی کوووڈ کی صورت حال بھی شامل ہے۔

جی 20 اجلاس میں بھارتی وزیر خارجہ نے طالبان کے حوالے سے کیا کہا؟

روسی سفیر سے جب ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا روس کو جی ٹوئنٹی سے نکالا جا سکتا ہے تو خاتون سفیر نے کہا کہ یہ تنظیم اقتصادی مسائل کو زیرِ بحث لانے کا فورم ہے اور اس پر یوکرین جیسے بحران کو اٹھانا مناسب نہیں دکھائی دیتا۔

Italien G20-Gipfel USA Joe Biden
جی ٹوئنٹی کی روم سمٹ میں امریکی صدر جو بائیڈنتصویر: Andrew Medichini/AP Photo/picture alliance

یورپی یونین اور امریکا

امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیوان بھی کہہ چکے ہیں کہ روس کے ساتھ بین الاقوامی اداروں اور انٹرنیشنل کمیونٹی میں کاروباری معمولات پہلے جیسے نہیں رہ سکتے۔ اسی طرح یورپی یونین کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ جی ٹوئنٹی میں روس کے اسٹیٹس پر گفتگو کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس گروپ کے وزارتی اجلاس میں روس کی موجودگی میں شرکت ایک مشکل امر ہو گا۔

انڈونیشیا کے سینٹرل بینک کے نائب گورنر ڈودی بودی والیو نے پیر 21 مارچ کو کہا تھا کہ ان کا ملک اپنی غیرجانبدارانہ پوزیشن برقرار رکھے گا اور یہ چاہے گا کہ جی ٹوئنٹی کی قیادت سنبھالنے کے دور میں مسائل کو ہر ممکن طریقے سے حل کیا جائے۔

جی سیون کے وزرائے خزانہ کی میٹنگ، کارپوریٹ ٹیکس کا معاہدہ

چین کی حمایت

دنیا کی دوسری بڑی اقتصادی قوت چین نے ابھی تک روس کے یوکرین پر چڑھائی اور حملے کی مذمت نہیں کی ہے۔ بیجنگ نے مغربی طاقتوں کی طرف سے روس پر عائد کی جانے والی پابندیوں پر ضرور تنقید کی ہے۔

Olaf Scholz beim G20 Gipfel in Rom
گزشتہ برس جی ٹوئنٹی کی روم کانفرنس میں موجودہ جرمن چانسلر اور اس وقت کے وزیر خزانہ اولاف شولس کی شرکتتصویر: Thomas Imo/ photothek/picture alliance

چین کی جانب سے بدھ 23 مارچ کو کہا گیا کہ روس جی ٹوئنٹی کا ایک انتہائی اہم رکن  ملک ہے۔

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے ایک نیوز بریفنگ میں واضح کیا کہ کوئی مملک یہ حق نہیں رکھتا کہ وہ کسی دوسرے ملک کو تنظیم میں سے فارغ کرے۔ ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جی ٹوئنٹی کثیرالقومیت، اتحاد اور تعاون کا پلیٹ فارم ہے اور ان پہلوؤں کا عملی نفاذ ضروری ہے۔

سعودی میزبانی میں جی 20 اجلاس: ’یورپی غیر حاضری مفاد میں نہیں‘

انڈونیشی وزارتِ خارجہ نے جی ٹوئنٹی میں سے روس کے اخراج بارے سامنے آنے والی خبروں کے حوالے سے کوئی ردِعمل یا تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔

ع ح/ اب ا (روئٹرز)