1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں ہم جنس پرستوں کی بڑی پریڈ

عاطف توقیر
9 جولائی 2017

کولون شہر میں منعقدہ اس پریڈ میں LGBT برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ وہ لوگ اور تنظیمیں بھی شریک ہیں، جو ہم جنس پرستوں کے لیے مساوی حقوق کی حمایت کرتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/2gE6s
Bildergalerie Christopher Street Day Köln 2013 CSD Cologne Pride
تصویر: DW/C. Nehring

کولون شہر میں یہ اجتماع کرسٹوفر اسٹریٹ پر منعقد ہو رہا ہے اور منتظمین کے مطابق اس پریڈ میں ہزاروں شرکاء کے علاوہ سڑک کے دونوں اطراف موجود تماشائیوں کی تعداد بھی قریب ساڑھے نو لاکھ ہو گی، جن کا تعلق جرمنی اور یورپ بھر سے ہے۔

جرمنی میں حال ہی میں ایوان زیریں نے ہم جنس پرستوں کو قانونی طور پر شادی کی اجازت کا قانون منظور کیا تھا، جس کی توثیق جمعے کو جرمن ایوان بالا نے کر دی۔ اس قانون کے بعد جرمنی ان یورپی ممالک میں شامل ہو گیا ہے، جہاں شادی کے لیے جنسی رجحان اور میلان کی شرط کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ اسی تناظر میں اتوار کو اس پریڈ میں شریک افراد جشن بھی منا رہے ہیں۔

Bildergalerie Christopher Street Day Köln 2013 CSD Cologne Pride
ہم جنس پرستوں کی شادی کی اجازت بھی دے دی گئی ہےتصویر: DW/C. Nehring

اس پریڈ میں شریک افراد نعروں سے سجائی گئی 85 گاڑیوں کے ہم راہ شہر کے مختلف حصوں میں مارچ کریں گے۔ اس مارچ کے آغاز پر منتظمین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اب تک اس پریڈ کا ماحول انتہائی شان دار اور جشن سے بھرپور ہے۔

اس بار اس پریڈ کا بنیادی نعرہ ’دوبارہ نہیں‘ رکھا گیا ہے، جو جرمنی میں نازی دور حکومت میں ہم جنس پرستوں پر ہونے والے مظالم اور ان کے قتل عام کے تناظر میں ہے۔

گزشتہ روز یورپی ملک ایسٹونیا میں بھی سینکڑوں افراد نے ایسی ہی ایک پریڈ میں حصہ لیا تھا۔ ایسٹونیا کے درالحکومت میں ہم جنس پرستوں پر ایک حملے کے بعد قریب ایک دہائی تک وہاں گے پریڈ نہیں ہو پائی تھی۔ منتظمین کے مطابق اس پریڈ میں قریب 18 سو افراد نے شرکت کی، جب کہ ان کے خلاف ہونے والے مظاہرے میں محض چند افراد ہی شریک ہوئے۔