1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں خیرات دینے والوں میں نمایاں کمی۔ لیکن کیوں؟

4 مارچ 2020

پچھلے سال جرمنی میں خیراتی اداروں کو امداد دینے والے لوگوں میں 10 لاکھ کی کمی دیکھی گئی۔ گزشتہ ایک دہائی کے دوران یہ سب سے بڑی کمی ہے۔ لیکن اس کی وجہ کیا ہے؟

https://p.dw.com/p/3YqKk
Symbolbild Deutschland Spenden und Mitgliedsbeiträge
تصویر: picture-alliance/Bildagentur-online/Schöning

جرمن ڈونیشن کونسل کے ایک سروے کے مطابق سال 2019ء کے دوران خیراتی کاموں کے لیے امداد دینے والے جرمنوں کی تعداد میں اس سے ایک برس قبل کے مقابلے میں ایک ملین یا 10 لاکھ کی کمی واقع ہوئی۔

جرمن شہریوں نے 2019ء کے دوران 5.1 بلین یورو کی رقم خیراتی اداوں کو دی۔ یہ رقم 5.7 بلین امریکی ڈالرز کے برابر بنتی ہے۔ اس سے ایک برس قبل یہ خیرات 5.3 بلین یورو تھی۔ عام طور پر سب سے زیادہ خیراتی رقوم دسمبر میں دی جاتی ہیں مگر دسمبر 2019ء میں دی جانے والی خیراتی رقوم میں بھی پندرہ فیصد کمی دیکھی گئی۔

سروے کے مطابق سب سے زیادہ خیرات عمر رسیدہ لوگوں نے دی۔ خیراتی رقوم کا 41 فیصد حصہ ستر برس سے زائد عمر کے لوگوں کی طرف سے موصول ہوا۔ انہوں نے اوسطاﹰ 344 یورو فی کس کے حساب سے خیراتی رقوم امدادی کاموں کے لیے دیں۔

امدادی کام کرنے والے اداروں کو سب سے زیادہ خیراتی رقوم مہیا کی گئیں، جو کُل عطیات کا 75 فیصد بنتا ہے۔ تاہم انہیں پچھلے سال کے مقابلے میں 58 ملین یورو کم ملے۔

تحفظ ماحول کے اداروں کو ملنے والی خیراتی رقوم میں تاہم اضافہ ہوا اور انہیں گزشتہ برس کے مقابلے میں چار ملین یورو زائد امداد ملی۔

بدلتے رویے، بدلتے سماجی حالات

جرمن ڈونیشن کونسل کے صدر ماکس میزلر کے مطابق کم ہوتی ہوئی یہ تعداد دراصل ایک عرصے سے جاری رجحان کا حصہ ہے جو اب بڑھتا جا رہا ہے۔

سال 2019ء کے دوران 19.5 ملین افراد نے عطیات یا خیراتی رقوم دیں جس کا اگر سال 2006ء سے موازنہ کیا جائے تو اس میں 10 ملین یا ایک کروڑ افراد کی کمی واقع ہو چکی ہے۔ اس سروے کا آغاز سال 2006ء میں ہی ہوا تھا۔

میزلر کے بقول اس صورتحال میں بہتری کے کم  امکانات ہیں۔

اس سروے میں مدد کرنے والی مارکیٹ ریسرچ کمپنی گروتھ فرام نالج سے وابستہ بیانکا کورکوران کے مطابق اس کی ایک وجہ عطیات یا خیرات دینے کے ممکنہ طریقوں میں اضافہ ہو سکتی ہے اور ممکن ہے لوگ نقد رقوم کی بجائے اب اپنا وقت یا اپنی چیزیں عطیہ کرتے ہوں یا وہ فیئر ٹریڈ مصنوعات خرید لیتے ہوں۔

ڈی ڈبلیو کے ایڈیٹرز ہر صبح اپنی تازہ ترین خبریں اور چنیدہ رپورٹس اپنے پڑھنے والوں کو بھیجتے ہیں۔ آپ بھی یہاں کلک کر کے یہ نیوز لیٹر موصول کر سکتے ہیں۔

ا ب ا ش ج (ای پی ڈی، ڈی پی اے، کے این اے)