1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں بس کے مسافروں پر چاقو سے حملہ، متعدد افراد زخمی

20 جولائی 2018

جرمنی میں حکام کے مطابق شمالی شہر لیئوبِک میں ایک شخص نے ایک بس کے مسافروں پر چاقو سے حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ تاہم ابھی تک اس حملے کے محرک کا تعین نہیں ہو سکا۔

https://p.dw.com/p/31q8p
Gewalttat in Linienbus in Lübeck
تصویر: picture-alliance/dpa/TNN

لیئو بِک کے مقامی اخبار  نے نام ظاہر نہ کرتے ہوئے ایک عینی گواہ کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ مسافروں سے بھری یہ بس شہر کے قریب ہی واقع ’ٹراوِن موئینڈے‘ نامی ساحل ِ سمندر پر جا رہی تھی جب ایک شخص نے مسافروں پر چاقو تان لیا۔ اخبار کی ویب سائٹ پر شائع ہوئی اس رپورٹ کے مطابق بس ڈرائیور نے فوری طور پر بس روک دی تاکہ مسافر بس سے نکل سکیں۔

لوتھر ایچ نامی ایک عینی گواہ نے، جو حملے کے مقام سے قریب ہی رہتا ہے، اخبار کو بتایا،’’مسافروں نے بس سے باہر چھلانگ لگا دی۔ وہ چلا رہے تھے۔ یہ سب بہت خوفناک تھا۔ زخمی افراد کو بس سے باہر نکالا گیا۔ حملہ آور کے ہاتھ میں گھریلو استعمال کا ایک چاقو تھا۔‘‘

Messerattacke in Lübecker Linienbus
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Scholz

لیئوبِک کی چیف پراسیکیوٹر اُرزلا ہنگسٹ نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا،’’ فی الحال ہم حملہ آور کی شناخت اور حملے کے محرک کے حوالے سے معلومات فراہم نہیں کر سکتے۔‘‘

مقامی پولیس نے ایک ٹویٹ پیغام میں کہا ہے کہ بس کے مسافروں پر حملے میں لوگ زخمی ہوئے ہیں لیکن کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ ٹویٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حملہ آور پولیس کی حراست میں ہے۔

جرمن پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ اس حملے کے پیچھے ممکنہ طور پر مذہبی انتہا پسندی کا محرک ہو سکتا ہے۔

ص ح / ا ا / اے ایف پی