1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: زیادہ دھواں خارج کرنے والی کاروں پر اضافی ٹیکس

13 جون 2020

جرمن حکومت نے دھواں زیادہ خارج کرنے والی کاروں پر ٹیکس بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ماحول آلودہ کرنے والی کاروں پر زیادہ ٹیکس کلائمیٹ چینج اصلاحات کے تناظر میں کیا جا رہا ہے۔ 

https://p.dw.com/p/3didG
Deutschland | Stau auf Autobahn
تصویر: Getty Images/S. Gallup

جرمنی: زیادہ دھواں خارج کرنے والی کاروں پر اضافی ٹیکس

 

جرمن حکومت نے دھواں زیادہ خارج کرنے والی کاروں پر ٹیکس بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ماحول آلودہ کرنے والی کاروں پر زیادہ ٹیکس کلائمیٹ چینج اصلاحات کے تناظر میں کیا جا رہا ہے۔ 

جرمن حکومت کا موٹر وہیکل ٹیکس میں تبدیلی کا نفاذ سن 2021 سے ہوگا۔ اس بابت چانسلر میرکل کی کابینہ نے حتمی فیصلے کی منظوری جمعہ 12جون کو دی ہے۔ وزیر خزانہ اولاف شولس نے ماحول کو کاربن اخراج سے آلودہ کرنے والی کاروں پر زیادہ ٹیکس کی تجویز پیش کی تھی۔ اس اضافے سے جرمن خزانے میں بظاہر معمولی اضافے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ 

ماحول دوست سیاسی جماعت گرین پارٹی کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی کاروں پر ٹیکس کی شرح کوئی بہت زیادہ نہیں ہے اور محض علامتی دکھائی دیتا ہے۔ اس پارٹی کے لیڈر اینٹن ہوفرائٹر کا کہنا ہے کہ علامتی ٹیکس کے نفاذ کو ماحولیاتی پالیسی کا حصہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اس پارٹی نے دھواں زیادہ خارج کرنے والی کاروں کے مالکان پر زیادہ مالی جرمانوں کا مطالبہ کر رکھا ہے۔ اسی طرح جرمن فیڈریشن برائے تحفظِ ماحول اور نیچر نے بھی اس ٹیکس کے نفاذ پر تنقید کرتے ہوئے اس کی شرح حقیقی اخراج کے مطابق کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 

ایک اور سیاسی جماعت فری ڈیموکریٹک پارٹی (ایف ڈی پی) نے بھی اس ٹیکس کے نفاذ پر تنقید کی ہے۔ ایف ڈی پی کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والے اقتصادی بحران کے دوران اس ٹیکس کے نفاذ سے منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں اور یہ کوئی بہتر فیصلہ نہیں ہے۔ فری ڈیموکریٹک پارٹی لبرل اور کاروبار دوست سیاسی جماعت ہے۔

Deutschland Autobahn PKW Maut Symbolbild
تصویر: Getty Images/S. Gallup

جرمن وزیر خزانہ اولاف شولس کا کہنا ہے کہ اس ٹیکس کے اطلاق سے مستقبل میں لوگ ناقص کاریں سڑکوں پر لانے سے گریز کریں گے۔ اس ٹیکس کے نفاذ کا اصولی فیصلہ چانسلر میرکل کی قیادت میں قائم مخلوط حکومت میں شامل تینوں سیاسی جماعتوں نے گزشتہ برس ستمبر میں کیا تھا۔

یہ امر اہم ہے کہ جرمنی میں روڈ ٹیکس انجن کے سائز اور نکلنے والے دھوئیں کی مقدار کے مطابق طے کیا جاتا ہے۔ نئے ٹیکس کا خاص طور پر اطلاق پرانی اور زیادہ کاربن خارج کرنے والی کاروں پر ہے تا کہ ان کا بتدریج خاتمہ ہو سکے۔ اس ٹیکس کی شرح کاربن ڈائی آکسائیڈ کی فی کلومیٹر اخراج کے مطابق رکھی گئی ہے۔ اضافی ٹیکس اس صورت میں لگایا جائے گا جب کار کا انجن پچانوے گرام کاربن ڈائی آکسائیڈ فی کلو میٹر کی مقررہ حد سے زائد خارج کرے گا اور اس اضافی اخراج پر دو یورو بطور ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ 

زیادہ دھواں خارج کرنے والی کاروں میں بڑے حجم والی یا تیز رفتار فورڈ مسٹانگ اور بی ایم ڈبلیو سیون سیریز جیسی کاروں کے ساتھ ساتھ ایس یو وی اور پک اپ ٹرک بھی شمار ہوتے ہیں۔

کابینہ کے اس فیصلے کی حتمی منظوری جرمن پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں نے ابھی ہونی باقی ہے اور اس منظوری کے بعد اس قانون کا باضابطہ نفاذ ہو جائے گا۔ پارلیمانی امور کے ماہرین کا خیال ہے کہ پارلیمنٹ میں بحث کے دوران کابینہ کے منظور شدہ مجوزہ قانونی مسودے میں کئی ترامیم ہو سکتی ہیں۔

ع ح، ص ز (اے ایف پی، ڈی پی اے)

  

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں